نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے پاکستان، اے ڈی بی کا اہم اقدام

Calender Icon جمعہ 4 ستمبر 2026

اسلام آباد: ایشیائی ترقیاتی بینک، وزارت نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اتھارٹی (پی تھری اے) کے اشتراک سے نجی سرمایہ کاری کو متحرک کرنے کے موضوع پر نیشنل اسٹریٹجک ڈائیلاگ کا انعقاد کیا گیا۔تقریب میں وفاقی وزیر خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب، وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری و چیئرمین نجکاری کمیشن محمد علی، ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ، وفاقی و صوبائی مالیاتی اداروں اور سرمایہ کاری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔

اس موقع پر حکومت پاکستان نے سرکاری و نجی شراکت داری اور نجکاری کے ذریعے نجی سرمائے کو متحرک کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم کے مشیر برائے نجکاری محمد علی نے کہا کہ حکومت نے معاشی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا شروع کردی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مستقبل کی انفراسٹرکچر اور ترقیاتی ضروریات صرف حکومتی اخراجات سے پوری نہیں ہوسکتیں، اس لیے نجی شعبے کو انفراسٹرکچر اور اقتصادی اثاثوں کی فنانسنگ، تعمیر اور انتظام میں بڑا کردار ادا کرنا ہوگا۔

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ نجی شعبے کو پاکستان کی ترقی کے اگلے مرحلے کی قیادت کرنی چاہیے۔ ان کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپس اور نجکاری سرمایہ کاری لانے، کارکردگی بہتر بنانے اور نجی شعبے کی شرکت کے لیے گنجائش پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہوسکتی ہیں۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر ینگ منگ یانگ نے نجی شعبے کے ساتھ شراکت داری مضبوط بنانے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا خیرمقدم کیا اور بڑے پیمانے پر نجی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس موقع پر پاکستان پی پی پی مانیٹر کا بھی آغاز کیا گیا۔ مانیٹر کے مطابق 1990 سے اب تک پاکستان میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے 154 منصوبے مکمل ہوچکے ہیں، جن میں تقریباً 36 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی۔

موجودہ وفاقی پی پی پی پائپ لائن میں 38 منصوبے شامل ہیں، جن کی تخمینہ مالیت تقریباً 6.5 ارب ڈالر ہے۔ ان منصوبوں میں سڑکیں، ریلوے، ہوا بازی، صحت اور صنعتی انفراسٹرکچر کے شعبے شامل ہیں۔

حکومت نجکاری پروگرام کے تحت 27 ٹرانزیکشنز پر بھی کام کر رہی ہے، جن میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیاں، بڑے ہوائی اڈے، انشورنس کمپنیاں اور خصوصی بینک شامل ہیں۔