لاہورہائیکورٹ نے  کمسن بچی سے زیادتی،قتل کے مجرم کی اپیل خارج کردی

Calender Icon جمعرات 23 اکتوبر 2025

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے کمسن بچی سے زیادتی کرکے قتل کرنے والے مجرم قیصر کی سزائے موت کے خلاف اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا کہ ایسے مجرم رحم کے مستحق نہیں ہوسکتے جنہوں نے چھ سال کی بچی کے ساتھ ظلم کیا ہو۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم اور جسٹس عبہر گل پر مشتمل 2 رکنی بنچ نےمجرم قیصر کی سزائے موت کے خلاف اپیل پر 20صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا، فیصلہ چیف جسٹس عالیہ نیلم نے تحریر کیا۔چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ عالیہ نیلم نے فیصلے میں کہا کہ چھ سال کی عمر میں بچیاں اپنی گڑیا کے ساتھ کھیلتی ہیں، وہ مادہ پرست دنیا سے بے خبر ہوتی ہیں، مجرم قیصر کی عمر 32 سال تھی، وہ گھناونے جرم کے انجام سے واقف تھا۔فیصلہ میں لکھا گیا کہ کمسن بچی سے زیادتی کےبعد قتل کردینا عام لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کردیتا ہے، ایسا گھناؤنا جرم معاشرے کا ضمیر ہی نہیں بلکہ عدالت کا ضمیر بھی جھنجوڑتا ہے، ایسے مجرم رحم کے مستحق نہیں ہوسکتے جنہوں نے چھ سال کی بچی کے ساتھ ظلم کیا ہو۔