طبی اداروں میں شراکتداری، معیاری علاج تک رسائی بڑھانے پر اتفاق

Calender Icon ہفتہ 12 ستمبر 2026

اسلام آباد: پاکستان میں معیاری اور قابلِ استطاعت طبی سہولیات کے فروغ، طبی ماہرین کی تربیت اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے لیے جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل، اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج، ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال اور دی ڈائبیٹیز سینٹر کے درمیان شراکت داری کی جانب اہم پیش رفت ہوئی ہے۔

مجوزہ تعاون کا مقصد طبی تعلیم، علاج، تحقیق، جدید ٹیکنالوجی اور خصوصی طبی مہارتوں کو یکجا کرکے صحت کی سہولیات کا دائرہ وسیع کرنا ہے۔ اس شراکت داری کے تحت طبی طلبہ اور صحت کے شعبے سے وابستہ افراد کی عملی تربیت، ماہرین کے تجربات کے تبادلے اور جدید علاج کی سہولیات بہتر بنانے کے مواقع پیدا ہوں گے۔

یہ پیش رفت دی ڈائبیٹیز سینٹر کے زیر اہتمام آسٹیوپوروسس پر منعقدہ سمپوزیم اور ڈیکسا اسکین سہولت کے افتتاح کے موقع پر سامنے آئی۔ تقریب میں جی اے کے ہیلتھ کیئر انٹرنیشنل اور اسلام آباد میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالج کے گروپ چیف ایگزیکٹو آفیسر یاسر خان نیازی اور ڈاکٹر اکبر نیازی ٹیچنگ ہسپتال کی ڈائریکٹر ڈاکٹر اریج نیازی نے شرکت کی۔

یاسر خان نیازی نے کہا کہ صحت کے شعبے کے بڑے مسائل کسی ایک ادارے کے لیے حل کرنا ممکن نہیں، اداروں کو اپنی صلاحیتیں اور وسائل یکجا کرکے کام کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ طبی تعلیم، علاج، ٹیکنالوجی اور خصوصی مہارتیں ایک سمت میں کام کریں تو علاج کے نتائج بہتر اور معیاری صحت کی سہولیات زیادہ لوگوں تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں:امریکہ ناکہ بندی و جارحیت ختم کرے، آبنائے ہرمز کھول دینگے، ایران

ڈیکسا اسکین سہولت کا افتتاح بھی کیا گیا، جس سے ہڈیوں کی کثافت کی جانچ، آسٹیوپوروسس کی بروقت تشخیص اور بہتر علاج میں مدد ملے گی۔ دی ڈائبیٹیز سینٹر کے چیئرمین ڈاکٹر اسجد حمید نے شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اداروں کے درمیان تعاون سے دستیاب مہارت اور وسائل کو مؤثر انداز میں استعمال کرکے صحت کی بہتر سہولیات زیادہ افراد تک پہنچائی جاسکتی ہیں۔