خیبرپختونخوا میں مینڈیٹ بانی کا ہے، ان کا حق اپنے قائد سے پالیسی گائیڈلائنز لیں، سہیل آفریدی

Calender Icon جمعرات 23 اکتوبر 2025

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ عوام نے اگر ووٹ دیا تو وہ بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے نظریے اور پالیسیوں کی وجہ سے دیا۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں مینڈیٹ بانی پی ٹی آئی کا ہے اور ان کا حق ہے کہ وہ عوامی مینڈیٹ کے امین بنیں اور اپنے قائد سے پالیسی گائیڈلائنز لیں۔

سہیل آفریدی نے کہا کہ اگر انہیں اپنے لیڈر سے ملنے کی اجازت نہ بھی دی گئی تو وہ اپنے قائد کی ہدایت کا انتظار کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی ہمیشہ سے مذاکرات کے حق میں رہے ہیں اور دنیا بھر میں پڑوسی ممالک کے ساتھ تعلقات بہتر بنانا ضروری ہوتا ہے۔ انہوں نے افغانستان کو وسطی ایشیا کے لیے گیٹ وے قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کے ساتھ بہتر تعلقات ناگزیر ہیں۔

وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وفاق کی جانب سے خیبرپختونخوا کو دی جانے والی گاڑیاں ایکسپائرڈ اور سیکنڈ ہینڈ تھیں۔ انہوں نے کہا کہ “میری پولیس اتنی گئی گزری نہیں کہ اسے کباڑ کی چیزیں دی جائیں۔” انہوں نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ یا تو وہ خود استعمال کی جانے والی گاڑیاں دیں یا پھر خیبرپختونخوا کا اصل حصہ ادا کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر وفاق کو یہ معلوم نہیں کہ صوبے نے 600 ارب روپے کہاں خرچ کیے تو وہ عدالت سے رجوع کرے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ وفاق خیبرپختونخوا کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کر رہا ہے۔

سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا پولیس کے لیے 7 ارب روپے کی گرانٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ پولیس کو نئی بلٹ پروف گاڑیاں فراہم کی جا رہی ہیں، جن میں سے کچھ آ چکی ہیں اور باقی جلد آ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت نے ماضی میں بھی پولیس کے انفراسٹرکچر پر کافی اخراجات کیے ہیں۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے تھے، لیکن انہیں ملاقات کی اجازت نہ مل سکی۔ اس پر انہوں نے کارکنان کے ہمراہ اڈیالہ روڈ پر علامتی احتجاج کیا۔ اس دوران کارکنان کی نعرے بازی اور پولیس کی بھاری نفری کی موجودگی کے باعث ٹریفک جام ہو گیا۔ سہیل آفریدی نے داہگل کے مقام پر احتجاج کے بعد سرکاری پروٹوکول کے ہمراہ واپسی اختیار کی۔ ان کے ہمراہ سلمان اکرم راجہ اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔