گوگل نے جِمِنائی 3.8 لائیو لانچ کردیا

Calender Icon بدھ 16 ستمبر 2026

گوگل نےجِمِنائی 3.8 لائیو اورجِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ متعارف کرا دیے ہیں، جنہیں کمپنی نے اب تک کے اپنے سب سے جدید براہِ راست مکالماتی ماڈلز قرار دیا ہے۔

یہ نئے ماڈلز مارچ میں لانچ کیے گئےجِمِنائی 3.1 فلیش لائیو کے بعد پیش کیے گئے ہیں۔ گوگل کے مطابق ان کا مقصد آواز پر مبنی مصنوعی ذہانت کے ساتھ گفتگو کو زیادہ قدرتی، تیز اور زیادہ صلاحیتوں کا حامل بنانا ہے۔

جِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ کو خاص طور پر پیچیدہ اور کئی مراحل پر مشتمل استدلال کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ یہ ماڈل ایک ہی وقت میں سوچنے اور بولنے کی صلاحیت رکھتا ہے، یعنی جب پیچیدہ کام پسِ منظر میں جاری ہو تو یہ صارف کے ساتھ گفتگو بھی جاری رکھ سکتا ہے۔

اس دوران جِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ صارف کو ابتدائی زبانی جواب بھی دے سکتا ہے، جیسے کہ ’’میں اسے چیک کرتا ہوں‘‘، جبکہ پیچیدہ کام مکمل ہونے تک براہِ راست پیش رفت سے بھی آگاہ کرتا رہتا ہے۔

گوگل کے مطابق اس ٹیکنالوجی کوجی میل لائیو میں مکالماتی تلاش، ڈاکس لائیو میں تحریر تیار کرنے اور اس میں ترمیم کرنے، جبکہ کیپ لائیو میں نوٹس بنانے جیسے کاموں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔

نئے ماڈلز کوجِمِنائی لائیو میں مرحلہ وار متعارف کرایا جا رہا ہے۔

کارکردگی کے حوالے سے گوگل نے بتایا کہ جِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ نے آرٹیفیشل اینالیسسٹس اسپیچ ٹو اسپیچ کوالٹی انڈیکس میں 82.6 اسکور حاصل کیا، جو مجموعی طور پر سب سے زیادہ اسکور تھا۔

اسی طرح ٹاؤ وائس ایجنٹ کے ٹاسک کمپلیشن کے کارکردگی جائزے میں اس ماڈل کا اسکور68.6 فیصد رہا، جبکہ سیئرا ٹاؤ وائس بینکنگ کے کارکردگی جائزے میں اس نے 35.1 فیصد اسکور حاصل کیا۔

بگ بینچ آڈیو ریزننگ میں جِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ نے 97.7 فیصد اسکور حاصل کیا۔ گوگل نے اس کے ساتھ ساتھ اس ماڈل کی قیمت کو بھی مسابقتی قرار دیا ہے۔

دوسری جانب معیاری جِمِنائی 3.8 لائیوکو بہتر مکالماتی ذہانت، روانی سے گفتگو اور بصری سمجھ بوجھ کے لیے تیار کیا گیا ہے۔

یہ ماڈل تقریباً حقیقی وقت میں آنے والی بصری معلومات کو سمجھ سکتا ہے، جبکہ مختلف ٹولز اور ایپلی کیشن پروگرامنگ انٹرفیس پسِ منظر میں کام کرتے رہتے ہیں۔

یعنی صارف کی جانب سے کوئی درخواست کیے جانے پر جِمِنائی اسے تسلیم کرتے ہوئے گفتگو جاری رکھ سکتا ہے، جبکہ مطلوبہ کام پسِ منظر میں مکمل ہوتا رہتا ہے۔

جِمِنائی 3.8 لائیو ایک ہی گفتگو کے دوران97 معاون زبانوں کے درمیان خودکار طور پر زبان کو پہچاننے اور تبدیل کرنے کی صلاحیت بھی رکھتا ہے۔

گوگل کے مطابق اس ماڈل کو بڑے پیمانے پر استعمال کے لیے تیار کیا گیا ہے اور اس کی تیاری میں لاگت اور بڑے پیمانے پر استعمال کی صلاحیت کو بھی مدنظر رکھا گیا ہے۔

کارکردگی کے ایک اور جائزے میں جِمِنائی 3.8 لائیو نے اسپیچ ایجنٹ ایرینا میں دوسری پوزیشن حاصل کی۔گوگل کے مطابق یہی ٹیکنالوجی اے آئی موڈمیں سرچ لائیو کو بھی طاقت فراہم کرتی ہے، جس کے ذریعے صارفین تلاش کے دوران زیادہ قدرتی انداز میں آواز کے ذریعے گفتگو کر سکتے ہیں۔گوگل کا کہنا ہے کہ جِمِنائی 3.8 لائیو اور جِمِنائی 3.8 لائیو ایکسٹینڈڈ تھنکنگ کا مقصد آواز پر مبنی مصنوعی ذہانت کے ساتھ بات چیت کو زیادہ قدرتی، تیز اور پیچیدہ کاموں کو انجام دینے کے قابل بنانا ہے۔