وزیراعظم کی ہدایت پر وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ (Attaullah Tarar) نے دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام سے ملاقات کی۔
وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے اطلاعات و خیبر پختونخوا امور اختیار ولی خان (Ikhtiar Wali Khan) اور رکن صوبائی اسمبلی جلال خان (Jalal Khan) بھی وفاقی وزیر اطلاعات کے ہمراہ تھے۔
دارالعلوم حقانیہ اکوڑہ خٹک آمد پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین، دارالعلوم حقانیہ کے نائب مہتمم مولانا راشد الحق حقانی (Maulana Rashid-ul-Haq Haqqani)، جمعیت علماء اسلام (س) کے امیر مولانا عبدالحق ثانی (Maulana Abdul Haq Sani)، مولانا سید محمد یوسف شاہ (Maulana Syed Muhammad Yousaf Shah) اور دیگر اکابرین نے عطاء اللہ تارڑ کا استقبال کیا۔
اس موقع پر قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین اور مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام بھی موجود تھے۔ ملاقات کے دوران ملک میں قیام امن، مذہبی ہم آہنگی، امن و استحکام کے فروغ اور دہشت گردی کے خلاف قومی یکجہتی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ امن، رواداری اور قومی یکجہتی کے پیغام کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغام امن کمیٹی قیام امن، مذہبی ہم آہنگی اور دہشت گردی کے خلاف قومی بیانیے کو مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات قومی پیغام امن کمیٹی کے ذریعے ملک میں امن و استحکام کا پیغام عوام تک پہنچا رہی ہے۔
مزیدپڑھیں:چینی وزیر خا رجہ کا صوبہ خیبر پختونخوا میں دہشت گرد حملے پر اسحاق ڈار سے اظہارِ ہمدردی
دورے کے دوران وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے دارالعلوم حقانیہ کے مختلف حصوں کا بھی دورہ کیا۔ اس موقع پر دارالعلوم کے مہتمم کی جانب سے ادارے کی تعلیمی اور دینی خدمات کے حوالے سے وفد کو آگاہ کیا گیا۔
عطاء اللہ تارڑ نے دارالعلوم کے اندر واقع تاریخی جامع مسجد عبدالحق کا بھی دورہ کیا۔
اس موقع پر وفاقی وزیر اطلاعات اور قومی پیغام امن کمیٹی کے اراکین نے شیخ الحدیث مولانا محمد ادریس ترنگزئی، مولانا حامد الحق حقانی اور مولانا سمیع الحق شہید کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔
ملاقات کے دوران قومی پیغام امن کمیٹی کے پلیٹ فارم سے علماء کرام نے ملک میں قیام امن اور قومی یکجہتی کے عزم کا اعادہ کیا۔ مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام نے امن کے فروغ اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔













منگل 22 ستمبر 2026 

