صدرِ مملکت آصف علی زرداری(Asif Ali Zardari) نے سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کو تہنیتی خطوط ارسال کرتے ہوئے مبارکباد اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ سعودی عرب کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق سعودی قیادت اور عوام کو قومی دن پر مبارکباد پیش کی گئی۔
صدر آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب مشترکہ عقیدے، تاریخ، دوستی، باہمی اعتماد اور یکجہتی کے گہرے رشتوں میں جڑے ہوئے ہیں۔
صدرِ مملکت نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تزویراتی باہمی دفاعی معاہدہ اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدہ دیرینہ شراکت داری میں اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جو خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اپنے قریبی تعلقات کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، جو ٹھوس تعاون اور دوطرفہ، علاقائی و بین الاقوامی فورمز پر باہمی حمایت پر مبنی ہیں۔
مزیدپڑھیں:معروف پاکستانی گلوکار عمیر جسوال کے والد انتقال کرگئے
صدرِ مملکت نے اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے برادرانہ تعلقات دونوں ممالک اور عوام کے باہمی مفاد میں مختلف شعبوں میں مزید مستحکم اور وسیع ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان جلد اور مناسب تاریخ پر ولی عہد و وزیراعظم محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کا پاکستان میں خیرمقدم کرنے کا منتظر ہے۔
صدر آصف علی زرداری نے مزید کہا کہ وہ ولی عہد محمد بن سلمان کے ساتھ مل کر دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے خواہاں ہیں۔












بدھ 23 ستمبر 2026 