آن لائن ہراسانی، تصاویر، ویڈیوزکا غیرمجاز استعمال، جینڈر ٹریکر سسٹم لانے کا فیصلہ

Calender Icon بدھ 23 ستمبر 2026

خواتین کے خلاف آن لائن ہراسانی، تصاویر اور ویڈیوز کے غیرمجاز استعمال کی نگرانی کےلیے جینڈر ٹریکر سسٹم متعارف کروایا جا رہا ہے جبکہ صنفی بنیاد پر تشدد کے لیے خصوصی پورٹل اور ڈیجیٹل ڈیش بورڈ تیار کر لیے گئے ہیں، جو جلد لانچ ہوں گے ۔

چیئر پرسن نفیسہ شاہ کی زیرصدارت کمیٹی اجلاس میں قومی کمیشن برائے وقارِ نسواں کی قائم مقام چیئرپرسن نورین بانو نے بریفنگ میں بتایا قومی کمیشن کے شکایتی نظام میں اصلاحات کے لیے چاروں صوبوں میں بیس لائن سروے جاری ہے۔

نظام کو اردو، سندھی، پشتو، بلوچی سمیت مختلف زبانوں میں آسان اور مؤثر بنانے پر کام کیا جا رہا ہے۔ خواتین کو قانونی معاونت کی فراہمی کے لیے ہر صوبے میں خواتین وکلا کی خدمات لینے کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

مزید بتایا کہ قومی جینڈر ڈیش بورڈ میں ایک سو پندرہ اشاریوں کے ذریعے خواتین کی صورتحال کا جائزہ لیا جا سکے گا۔ویمن فسیلیٹیشن سینٹر دوہزار ستائیس میں مکمل کرنے کا ہدف ہے، جہاں نادرا، پاسپورٹ، صحت، کاؤنسلنگ اور عدالتی معاونت کی سہولیات ایک جگہ فراہم کی جائیں گی۔

مزید پڑھیں:27 ستمبر مارچ، وفاقی پولیس نے ضروری سازو سامان وتیاریاں مکمل کرلیں

نورین بانو نے بتایا کہ خواتین کے خلاف جرائم کے مقدمات کا بروقت اور مکمل ڈیٹا فراہم کرنے کے لیے تمام آئی جیز پولیس سے رپورٹس طلب کی گئی ہیں۔ قائم مقام چیئرپرسن کے مطابق قومی صنفی مساوات رپورٹ اور جینڈر ڈیش بورڈ کی تیاری پر کام جاری ہے ۔