شروتی ہاسن نے شادی غیر ضروری اور ماں بننے کی خواہش کا اظہار کردیا

Calender Icon بدھ 23 ستمبر 2026

بھارتی اداکارہ شروتی ہاسن نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ ایک وقت ایسا بھی آیا تھا جب وہ شادی کرنے کے فیصلے کے بہت قریب پہنچ گئی تھیں۔

اداکارہ نے یہ بھی واضح کیا کہ مستقبل میں ماں بننے کی خواہش ان کے دل میں موجود ہے اور اس کے لیے بچے کو گود لینے کا راستہ بھی ان کے لیے قابل قبول ہے۔

شروتی ہاسن نے سوہا علی خان کے پوڈکاسٹ میں شرکت کے دوران شادی کے روایتی تصور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی کا ساتھ اور رفاقت پسند ہے، لیکن وہ اپنی پوری زندگی خود کو کسی ایک مخصوص خانے میں محدود کرنے سے گریز کرتی رہی ہیں۔

اداکارہ کے مطابق انہیں شادی کی کاغذی کارروائی، غیر ضروری اخراجات اور دکھاوے سے خاص دلچسپی نہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ آخر اتنی بڑی رقم خرچ کرکے شادی کرنے کی ضرورت کیا ہے اور یہی پیسہ کسی ضرورت مند کی مدد کے لیے کیوں نہ استعمال کیا جائے۔

شروتی نے بتایا کہ وہ ایک مرتبہ شادی کرنے کے فیصلے کے بالکل قریب پہنچ چکی تھیں اور جب فیصلہ کن مرحلہ آیا تو انہیں اتنا خوف بھی محسوس نہیں ہوا تھا جتنا شاید لوگ تصور کرتے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بڑی اور شاندار شادیاں کرنے والے لوگوں پر تنقید نہیں کر رہیں، بلکہ یہ طرزِ عمل ذاتی طور پر انہیں ہمیشہ پریشان کرتا رہا ہے۔

اداکارہ نے اپنی مستقبل کی خواہش کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ ماں بننا چاہتی ہیں۔ ان کے لیے بچے کو جنم دینا ہی واحد راستہ نہیں بلکہ وہ بچے کو گود لینے کے لیے بھی تیار ہیں۔

مزید پڑھیںَ:سیکیورٹی فورسز کے کیچ اور کوئٹہ میں آپریشنز، 19 دہشتگرد ہلاک، 1جوان شہید: آئی ایس پی آر

شروتی ہاسن کی گفتگو سے یہ بات سامنے آتی ہے کہ وہ شادی اور والدین بننے کے معاملے میں روایتی توقعات کے بجائے اپنی ذاتی ترجیحات اور سوچ کو اہمیت دیتی ہیں۔