بالی ووڈ کی معروف فلم ‘ویلکم’ میں یادگار کردار ادا کرنے والے بھارتی اداکار مشتاق خان(Mushtaq Khan) 56 سال کی عمر میں انتقال کرگئے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتاق خان کو چند سال قبل کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، تاہم علاج کے بعد وہ صحتیاب ہوگئے تھے۔ ان کے کاروباری شراکت دار شیوم کے مطابق اداکار کا کینسر تقریباً 8 روز قبل دوبارہ لوٹ آیا تھا اور حالت بگڑنے پر انہیں ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں داخل کرایا گیا۔
شیوم نے بتایا کہ مشتاق خان جمعرات کی شام تقریباً 7 بجے انتقال کرگئے۔ ان کا کینسر آخری مرحلے میں تھا۔
مشتاق خان کئی دہائیوں سے ہندی فلموں میں کام کررہے تھے اور ‘ہیرا پھیری’، ‘روڈی راٹھور’، ‘غدر 2’، ‘بدھائی دو’ اور ‘استری 2’ سمیت متعدد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے تھے۔
مزیدپڑھیں:جدید امریکی لڑاکا طیارے F-35 کے حساس پرزے چین کے ہاتھ لگ گئے
ان کی مقبول ترین اداکاری میں 2007 کی فلم ‘ویلکم’ کا کردار بھی شامل ہے، جس میں انہوں نے اکشے کمار اور کترینہ کیف کے ساتھ کام کیا۔ فلم میں ان کا ہاکی سے متعلق مکالمہ خاص طور پر مقبول ہوا اور برسوں بعد بھی مداحوں میں یاد کیا جاتا رہا۔
مشتاق خان نے ہندی فلموں کے علاوہ ٹیلی ویژن پر بھی کام کیا اور اپنے طویل فنی سفر کے دوران معاون کرداروں میں اپنی اداکاری سے پہچان بنائی۔













جمعہ 25 ستمبر 2026 

