وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت لاہور کو تجاوزات سے مکمل طور پر پاک کرنے اور شہریوں کو بہتر سہولتیں فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ لاہور بھرپور انداز میں متحرک ہے۔ ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی زیرِ قیادت شہر بھر میں بلا امتیاز انسدادِ تجاوزات آپریشنز جاری ہیں- ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو روز کے دوران شہر کے مختلف علاقوں سے 791 غیر قانونی تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا جبکہ 2021 بینرز اور فلیکسز ہٹا کر ضبط کر لیے گئے۔ یہ کارروائیاں لاہور کی سڑکوں، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں روزانہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہیں۔ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا نے کہا ہے کہ انسدادِ تجاوزات مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور کسی علاقے کو غفلت کا نشانہ نہیں بنایا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو گلیوں اور سڑکوں تک آسان رسائی فراہم کرنا ضلعی انتظامیہ کی ترجیح ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام کارروائیاں قانون کے مطابق، شفاف اور منظم انداز میں انجام دی جا رہی ہیں اور اس سلسلے میں زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
لاہور کوتجاوزات سے مکمل کرنے کیلئے کارروائیاں جاری
پیر 27 اکتوبر 2025












