17 انڈیگو طیارے پر دوران پرواز آسمانی بجلی گر گئی، اگلا حصہ متاثر

Calender Icon جمعرات 8 اکتوبر 2026

پٹنہ سے لکھنؤ جانے والی انڈیگو(IndiGo) ایئرلائن کی پرواز سے 17 ہزار فٹ کی بلندی پر آسمانی بجلی ٹکرا گئی، جس سے طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا۔

طیارے میں 104 مسافر اور عملے کے 6 ارکان سوار تھے۔ واقعے کے بعد طیارے نے لکھنؤ ایئرپورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی، تاہم تمام مسافر اور عملے کے ارکان محفوظ رہے۔


ایئرلائن کے مطابق طیارہ خراب موسم کے دوران، خاص طور پر ژالہ باری کی زد میں آیا، جس سے طیارے کے اگلے حصے میں نصب ریڈوم کو نقصان پہنچا۔ ریڈوم طیارے کے اگلے حصے پر موجود حفاظتی کور ہوتا ہے۔

مزید پڑھیں:کرک میں پولیس پر فائرنگ سے ایس ایچ او گن مین سمیت شہید

طیارہ مقررہ وقت سے 8 منٹ پہلے بحفاظت لکھنؤ کے چودھری چرن سنگھ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اتر گیا۔ تمام مسافر بحفاظت طیارے سے اتر گئے۔

واقعے کے بعد طیارے کو گراؤنڈ کر دیا گیا ہے اور بھارت کے سول ایوی ایشن حکام نے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ حکام کی منظوری کے بعد ہی طیارے کو دوبارہ پرواز کی اجازت دی جائے گی۔

انڈیگو کے ترجمان نے بتایا کہ طیارے کی ضروری مرمت کی جائے گی اور متعلقہ حکام سے اجازت ملنے کے بعد اسے دوبارہ آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔