تھرپارکر: بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی کی صورتحال، مکینوں کی نقل مکانی میں تیزی

Calender Icon بدھ 21 اکتوبر 2026

تھرپارکر میں مطلوبہ بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی کی صورتحال کے باعث مقامی باشندوں کی بیراجی علاقوں کی جانب نقل مکانی میں تیزی آگئی۔

صورتحال کے پیش نظر خشک سالی کے اثرات کا جائزہ لینے کےلیے ڈپٹی کمشنر نے ریونیو افسران کو فوری سروے کا حکم دیدیا۔ فصلوں، گھاس اور خشک سالی کی شدت کا تفصیلی سروے کرکے رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی گئی۔

خشک سالی کے اعلان کےلیے سندھ حکومت کو سفارشات پر مبنی رپورٹ تاحال ارسال نہ ہوسکی، سروے میں تاخیر سے خشک سالی متاثرین فوری ریلیف سے محروم ہیں۔

مقامی باشندوں کے مطابق چارے کی عدم دستیابی اور پانی کی قلت کے باعث روزانہ سینکڑوں خاندان اپنے بچوں اور مویشیوں سمیت دوسرے علاقوں کی جانب نقل مکانی کرنے پر مجبور ہیں۔ جبکہ مویشیوں میں بیماریوں کے باعث ہلاکتوں کی اطلاعات بھی سامنے آنے لگی ہیں۔

مزید پڑھیں:خیبرپختونخوا اسمبلی کے تمام ارکان پارٹی کے ساتھ اور متحد ہیں، بیرسٹر گوہر

دوسری جانب متاثرہ علاقوں میں خوراک اور پینے کے پانی کی قلت نے بھی سنگین صورتحال اختیار کرلی ہے۔ مقامی باشندوں اور سماجی حلقوں نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ تھرپارکر کو فوری طور پر آفت زدہ قرار دے کر متاثرہ خاندانوں کے لیے ہنگامی امدادی اقدامات کیے جائیں۔