ایس سی او وزرائے ثقافت اجلاس، پاکستان کو بھارتی دعوت نامہ موصول

Calender Icon بدھ 21 اکتوبر 2026

شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے ثقافت کا اجلاس 20 اور 21 نومبر کو نئی دہلی میں ہوگا۔ بھارت کی جانب سے بھیجا گیا دعوت نامہ پاکستان کے وزیرِ ثقافت اورنگزیب خان کھچی کو مل گیا۔ ذرائع وزارت خارجہ کے مطابق بھارت کی جانب سےدعوت نامے کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

ایس سی او وزرائے ثقافت کا دو روزہ اجلاس نئی دہلی میں شیڈول ہے، جس کے لیے بھارت نے پاکستانی وفد کو مدعو کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق پاکستان اور بھارت دونوں ایس سی او کے مستقل رکن ہیں اور ایک دوسرے کے ہاں منعقد ہونے والے اجلاسوں میں بلا تعطل شرکت کرتے رہے ہیں۔

اس سے قبل بھی سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے مئی 2023 میں گوا میں منعقدہ ایس سی او وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی تھی، جبکہ بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر بھی اکتوبر 2024 میں ایس سی او سربراہانِ حکومت کے اجلاس میں شرکت کے لیے اسلام آباد کا دورہ کر چکے ہیں۔

مزید پڑھیں:راحت فتح علی اور عمار بیگ کا نیا گانا ’آجا‘ مقبول، 20 لاکھ سے زائد ویوز

گزشتہ ماہ ایس سی او کے بھارتی نیشنل کوآرڈینیٹر الوک دیمری نے بھی اسلام آباد کا دورہ کیا تھا۔ پاکستانی حکام کی جانب سے نئی دہلی اجلاس میں شرکت سے متعلق فیصلہ مشاورت کے بعد جلد سامنے لایا جائے گا۔