نئےایپل فولڈ ایبل آئی فون کی سکرین ٹوٹنے کی شکایات، ہنج ڈیزائن پر سوالات

Calender Icon بدھ 28 اکتوبر 2026

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل سمارٹ فون ’آئی فون Duo‘ کی اندرونی اسکرین ٹوٹنے کی شکایات سامنے آنے کے بعد فون کے ہنج کے ڈیزائن پر سوالات اٹھنے لگے ہیں۔ ابتدائی تجزیوں کے مطابق اندرونی میکانزم کا کوئی دھاتی حصہ اسکرین پر دباؤ ڈال کر اسے نقصان پہنچا سکتا ہے۔

فون کی فروخت شروع ہونے کے چند گھنٹوں بعد ہی بعض صارفین نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر تصاویر اور ویڈیوز شیئر کیں، جن میں سکرین پر ہنج کے عین اوپر دراڑیں اور ڈسپلے کے دائیں حصے میں روشن لکیریں دکھائی دیں۔

آسٹریلیا کے ایک صارف نے بتایا کہ فون کھولتے وقت چٹخنے کی آواز آئی، جس کے بعد اس کی اسکرین ٹوٹ گئی۔ شکایت پر ایپل اسٹور نے صارف کو فون تبدیل کرکے دے دیا۔

ماہرین کے مطابق فون کے ہنج میں موجود گیئرز، اسپرنگز اور دیگر پرزے سکرین کو موڑنے اور فون بند ہونے کے دوران مناسب جگہ فراہم کرنے کے لیے کام کرتے ہیں۔ تاہم، امکان ہے کہ ان میں سے کوئی حصہ اندرونی سکرین سے ٹکرا رہا ہو۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ہنج کی مرکزی سپورٹ بار ممکنہ طور پر فون بند ہونے پر ہر بار مناسب حد تک نیچے نہیں جاتی۔ ایسی صورت میں مڑی ہوئی سکرین دھاتی حصے سے ٹکرا سکتی ہے، جس سے ایک مخصوص مقام پر دباؤ بڑھنے کے باعث سکرین ٹوٹنے کا خطرہ پیدا ہوسکتا ہے۔ تاہم، اسے خرابی کی حتمی وجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔

ایپل نے بھی تصدیق کی ہے کہ بعض آئی فون Duoیونٹس کی اندرونی سکرین متاثر ہوئی ہے۔ کمپنی نے صارفین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ متاثرہ فون کی تبدیلی کے لیے ایپل کیئر سے رابطہ کریں۔ تاہم، کمپنی نے اب تک متاثرہ فونز کی درست تعداد یا خرابی کی حتمی وجہ نہیں بتائی۔

ماہرین کے مطابق فولڈ ایبل فونز کی لچک دار سکرین اور پیچیدہ ہنج کا نظام حساس ہوتا ہے، اس لیے ابتدائی مرحلے میں کچھ خرابیاں سامنے آسکتی ہیں۔

مزید پڑھیں:وزیراعظم کا اسلام آباد کے سرکاری اسکولز میں اصلاحات فوری نافذ کرنیکا حکم

تاہم، اگر آئندہ مہینوں میں اسی نوعیت کی شکایات مسلسل سامنے آتی رہیں تو یہ ایک وسیع مسئلہ بن سکتا ہے، جس کے نتیجے میں فون واپس منگوانے یا ڈیزائن میں تبدیلی جیسے اقدامات پر غور کیا جاسکتا ہے۔