اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں کامیابی پر انڈیپنڈنٹ گروپ کو مبارکباد دیتے ہوئے گروپ کی قیادت اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کو خصوصی مبارکباد پیش کی ہے۔ وزیراعظم نے نومنتخب صدر سید امجد شاہ اور دیگر عہدیداران کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈیپنڈنٹ گروپ کی کامیابی وکلا برادری کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد اور قانون و انصاف کے حوالے سے حکومتی مؤقف کی حمایت کی عکاس ہے۔ ان کے مطابق انتخابی کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ وکلا برادری حکومتی آئینی و قانونی اصلاحات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت وکلا برادری کو اصلاحاتی عمل میں اہم شراکت دار سمجھتی ہے اور آئندہ بھی اس شراکت داری کو برقرار رکھے گی۔ انہوں نے اعظم نذیر تارڑ اور احسن بھون کی قیادت، وکلا کے حقوق کے لیے آواز اٹھانے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے اقدامات کو سراہا۔
مزید پڑھیں:وزارت خزانہ نے ماہانہ اکنامک اپ ڈیٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی
شہباز شریف نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر سید امجد شاہ اور ان کی ٹیم ملک میں قانون و انصاف کی بالادستی کے لیے حکومت اور وکلا برادری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے میں کردار ادا کریں گے۔













جمعرات 29 اکتوبر 2026 

