کراچی میں گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، عوام مہنگی ایل پی جی خریدنے پر مجبور

Calender Icon منگل 3 نومبر 2026

سردیوں کی آمد سے قبل ہی ملک میں گیس(Gas) کا بحران شدت اختیار کرگیا ہے، شہر قائد کے مختلف علاقوں میں گیس کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ میں اضافہ ہوگیا ہے، جس کے باعث شہریوں کو کھانا پکانے سمیت روزمرہ امور میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہریوں کا کہنا ہے کہ گھروں میں گیس کی فراہمی کا دورانیہ مزید کم کردیا گیا ہے اور اب روزانہ صرف 7 سے ساڑھے 7 گھنٹے گیس فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ اس سے قبل 10 سے 12 گھنٹے تک گیس دستیاب ہوتی تھی۔

کراچی کے مختلف علاقوں میں اچانک گیس بند ہوجانا معمول بن گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بھی بمشکل دو گھنٹے گیس ملتی ہے، جس کے باعث کھانا پکانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔ گیس کی غیر اعلانیہ بندش سے خصوصاً گھریلو صارفین پریشانی کا شکار ہیں۔

شہریوں نے شکایت کی کہ ایک طرف گیس کے بل باقاعدگی سے ادا کرنے پڑ رہے ہیں تو دوسری جانب کھانا پکانے کے لیے مہنگی ایل پی جی خریدنا بھی مجبوری بن گیا ہے۔

مزیدپڑھیں:حنا جاوید قتل کیس: اہلخانہ کا پولیس کی دوبارہ تحقیقات سے انکار

ان کا کہنا ہے کہ اگر گھروں میں گیس فراہم نہیں کی جاسکتی تو پھر گیس کے کنکشن ختم ہی کردیے جائیں۔

شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ پہلے پانی کی قلت کے باعث اسے خرید کر استعمال کرنا پڑتا تھا، اب ایسا لگتا ہے کہ گیس بھی خرید کر ہی استعمال کرنا ہوگی، کیونکہ گھریلو صارفین کو گیس کی فراہمی مسلسل متاثر ہورہی ہے۔

دوسری جانب سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گیس کی فراہمی سے متعلق کوئی نیا شیڈول جاری نہیں کیا گیا، جبکہ اس حوالے سے حتمی فیصلہ حکومت کرے گی۔

تاہم شہریوں کا کہنا ہے کہ کمپنی کی ہیلپ لائن پر رابطہ کرنے پر بھی انہیں بتایا جاتا ہے کہ گیس بندش کا کوئی شیڈول موجود نہیں۔

شہریوں کے مطابق جب کسی طے شدہ شیڈول کے بغیر گیس بند کی جاتی ہے تو اسے غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہی کہا جاسکتا ہے، جس کے باعث انہیں اپنی روزمرہ ضروریات پوری کرنے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

سردیوں کی آمد سے قبل گیس کی فراہمی میں کمی نے شہریوں میں تشویش پیدا کردی ہے، جبکہ صارفین نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ گھریلو صارفین کو گیس کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔