سندھ میں سیلابی صورتحال سنگین، گڈو اور سکھر بیراج پر اونچے درجے کا سیلاب برقرار

Calender Icon جمعرات 18 ستمبر 2025

دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر بیراج کے مقام پر گزشتہ پانچ روز سے اونچے درجے کی سیلابی کیفیت برقرار ہے، جبکہ کوٹری بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب دیکھا جا رہا ہے۔

سیلاب کے باعث دریا کے کنارے اور کچے کے علاقے زیرِ آب آگئے ہیں، جہاں دیہات، بستیاں اور تیار فصلیں پانی میں ڈوب چکی ہیں۔

کندھ کوٹ میں دریائے سندھ کی بلند سطح نے کچے کے علاقوں کا زمینی رابطہ منقطع کردیا ہے۔ لوگ اپنے گھروں کو چھوڑنے پر مجبور ہیں جبکہ مویشیوں کے باڑے خالی ہوگئے اور کئی بھینسیں دریا میں چھوڑ دی گئی ہیں۔
کندھ کوٹ اور گھوٹکی کو ملانے والا عارضی راستہ بھی متاثر ہوا ہے۔ گھوٹکی میں کچے کے 100 سے زائد دیہات کا زمینی رابطہ منقطع ہوگیا ہے اور تیار فصلیں مکمل طور پر ڈوب گئی ہیں۔ متاثرین کشتیوں اور یہاں تک کہ بڑی کڑاہیوں کو بھی بطور کشتی استعمال کر کے نقل مکانی کر رہے ہیں۔

کشمور میں سیلابی ریلے کے باعث کچے کے علاقے مکمل طور پر زیر آب آگئے ہیں۔ متاثرین اپنے بچے ہوئے سامان کو پانی کے بہاؤ سے بچانے میں مصروف ہیں اور سخت مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں۔

انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں ریلیف آپریشن جاری ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق سندھ میں حالیہ سیلاب سے ایک لاکھ 81 ہزار 159 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔ متاثرین کے لیے حکومت کی جانب سے 528 امدادی کیمپ اور 184 میڈیکل کیمپ قائم کیے گئے ہیں۔