محمد علی درانی کا چھوٹے صوبوں اور بااختیار بلدیات کے لیے ملک گیر تحریک کا اعلان

Calender Icon پیر 9 نومبر 2026

سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے ملک بھر میں چھوٹے صوبوں اور بااختیار بلدیاتی نظام کے قیام کے لیے ملک گیر تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق بہاولپور پریس کلب میں ’میٹ دی پریس‘ سے خطاب کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر سینیٹر (ر) محمد علی درانی نے ملک بھر میں انتظامی بنیادوں پر چھوٹے صوبوں کی تشکیل اور نچلی سطح پر بااختیار مقامی حکومتوں کے قیام کے لیے ایک وسیع ملک گیر عوامی تحریک کا باقاعدہ اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 14 سال سے بہاولپور کے عوام کے حقوق پر غصبانہ قبضہ کیا جا رہا ہے، تاہم اب پاکستان کے عام عوام اور تمام اہم ادارے چند روایتی خاندانوں کے سیاسی تسلط اور انگریزوں کے نوآبادیاتی دور کے فرسودہ انتظامی نظام کے مکمل خاتمے پر ایک پیج پر متفق ہو چکے ہیں۔

خبر رساں ادارے کے مطابق سابق وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی معاشی اور انتظامی بقا اب صرف چھوٹے صوبوں اور کم خرچ انتظامی یونٹس میں ہی مضمر ہے۔ انہوں نے تاریخی حقیقت یاد دلاتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی ماضی میں متفقہ طور پر نئے صوبے کی منظوری کی قرارداد پاس کر چکی ہے اور قانون کے مطابق اسمبلی کی مدت ختم ہونے سے منظور شدہ بزنس کبھی ختم یا کالعدم نہیں ہوتا، اگر کسی بھی سیاسی جماعت یا رہنما میں ہمت ہے تو وہ موجودہ اسمبلی سے اس کے خلاف نئی قرارداد پاس کروا کر دکھائے۔

صوبائی وسائل کی شدید غیر منصفانہ تقسیم پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے محمد علی درانی کا کہنا تھا کہ صوبے کے کل ترقیاتی بجٹ کا تقریباً 70 فیصد حصہ محض ایک شہر لاہور پر لٹا دیا جاتا ہے، جبکہ دوسری طرف بہاولپور کے محروم عوام اور خود لاہور کے کچے علاقوں کے رہائشی بنیادی سہولیات کو ترس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وی آئی پی کلچر، بڑی گاڑیوں، ہیلی کاپٹروں اور شاہانہ اخراجات کا تمام تر بوجھ عوام کی جیب پر ڈالا جا رہا ہے، اسی لیے ہماری اس تحریک کا بنیادی نعرہ “چھوٹے صوبے، چھوٹے خرچے” ہو گا۔

سابق وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ صوبائی حدود اور نظام انگریز حکمرانوں کے نوآبادیاتی دور کی یادگار ہیں جن کا کنٹرول آج بھی روایتی جاگیرداروں اور وڈیروں کے قبضے میں ہے۔ عوام کو اب یہ واضح فیصلہ کرنا ہوگا کہ انہیں بانیٔ پاکستان کے وژن کے مطابق بااختیار اور ترقی یافتہ پاکستان میں سانس لینا ہے یا انگریزوں کے چھوڑے ہوئے اس استحصالی نظام میں جینا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ بلدیاتی اداروں کو مکمل آئینی تحفظ فراہم کر کے اختیارات واقعی نچلی سطح پر منتقل کیے جائیں تاکہ باصلاحیت نوجوان قیادت سامنے آ سکے۔

محمد علی درانی نے مخالف سیاسی فریقین کو سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ آنے والے دنوں میں ملکی سیاست کا تمام تر محور نئے صوبوں کی حمایت اور مخالفت کے گرد ہی گھومے گا۔ جو بھی روایتی سیاسی جماعتیں عوامی امنگوں اور نئے صوبوں کے قیام کی راہ میں رکاوٹ بنیں گی، ملک کے غیور عوام انہیں ہمیشہ کے لیے سیاست سے اکھاڑ پھینکیں گے۔ انہوں نے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نہ ماضی میں پیچھے ہٹے تھے اور نہ اب پیچھے ہٹیں گے، یہ ملک گیر تحریک اب نئے صوبے بنوا کر ہی دم لے گی۔