بہن کے علاج اور آخری رسومات میں تعاون پر مریم نواز کی شکر گزارہوں، میرا

Calender Icon منگل 10 نومبر 2026

اداکارہ میرا نے اپنی چھوٹی بہن شائستہ عباس کے علاج اور لندن میں تدفین کے انتظامات میں تعاون کرنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا ہے۔

میرا کی بہن طویل عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور بیماری سے لڑتے ہوئے لندن میں انتقال کرگئیں۔ اداکارہ نے سوشل میڈیا پر اپنی مرحوم بہن کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مریم نواز کے لیے تشکر کے جذبات کا اظہار کیا۔

اپنی پوسٹ میں میرا نے لکھا کہ وہ مریم نواز شریف کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان کی بہن کے علاج معالجے میں مدد فراہم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگرچہ ان کی بہن اب اس دنیا میں نہیں رہیں، لیکن مشکل وقت میں وزیراعلیٰ پنجاب کی جانب سے کی جانے والی مدد اور نیکی کو ان کا خاندان ہمیشہ یاد رکھے گا۔

اداکارہ نے مزید بتایا کہ مریم نواز نے پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر سے بھی رابطہ کیا تاکہ ان کی بہن کی انگلینڈ میں تدفین کے انتظامات میں سہولت فراہم کی جاسکے۔ میرا کے مطابق وزیراعلیٰ کی کوششوں اور تعاون سے ان کی مرحوم بہن کی آخری رسومات ادا کردی گئی ہیں۔

مزید پڑھیں:کسی بھی وزیر کیخلاف کرپشن کی شکایت، قسم کھاتی ہوں نہیں بخشوں گی، مریم نواز

انہوں نے مریم نواز کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ انہیں اسی طرح انسانیت کی خدمت کرنے کی توفیق دے اور اس نیکی کا اجر عطا فرمائے۔