واقعے کے وقت جوڑے کے پانچ ماہ -کے جڑواں بیٹے، دیگر اہل خانہ اور گھریلو ملازمین بھی گھر میں موجود تھے
بھارتی ٹی وی اداکارہ دیویا نکا ترپاٹھی اور ان کے شوہر وویک داہیا ممبئی میں اپنی رہائشی عمارت میں لگنے والی آگ سے بال بال بچ گئے۔ واقعے کے وقت جوڑے کے پانچ ماہ کے جڑواں بیٹے، دیگر اہل خانہ اور گھریلو ملازمین بھی گھر میں موجود تھے، جنہیں بحفاظت عمارت سے باہر نکال لیا گیا۔ تاہم اس حادثے میں عمارت کے ایک سیکیورٹی گارڈ کی جان چلی گئی۔
دیویا نکا ترپاٹھی نے 10 نومبر کو انسٹاگرام پر واقعے کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے تفصیلات بیان کیں۔ ان کے مطابق آگ دیوالی سے ایک رات پہلے لگی، جو ان کے شوہر وویک دہیا کی سالگرہ کا دن بھی تھا۔ خاندان نے اس شام باہر جانے کا پروگرام بنایا تھا، لیکن کسی وجہ سے روانگی میں تاخیر ہوتی رہی۔ اس وقت گھر پر موجود ہونے کی وجہ سے انہیں آگ لگنے کا بروقت پتا چل گیا اور وہ بچوں، اہل خانہ اور ملازمین کے ساتھ عمارت سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔
اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ انہوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ وہ لمحات صرف یادیں بن کر رہ جائیں گے۔ ان کے مطابق آگ لگنے کے ابتدائی لمحات میں انہیں یہی محسوس ہوا کہ وہ ایک خوفناک واقعے اور مالی نقصان سے بچ نکلے ہیں، لیکن بعد میں انہیں معلوم ہوا کہ عمارت کے سکیورٹی گارڈ دھنپت انکل اس حادثے میں جانبر نہیں ہوسکے۔
دیویا نکا نے بتایا کہ انہیں اور وویک کو دھنپت کی موت کی خبر اس وقت ملی جب وہ ایک دوست کے گھر پناہ لیے ہوئے تھے۔ دونوں کے لیے اس خبر کو قبول کرنا انتہائی مشکل تھا اور وہ مسلسل دعا کررہے تھے کہ شاید یہ اطلاع درست نہ ہو۔
اداکارہ کے مطابق دھنپت انکل ان لوگوں میں شامل تھے جنہوں نے جڑواں بچوں کو گھر لانے کے موقع پر سب سے پہلے انہیں دعائیں دی تھیں۔ وہ خاندان کی روزمرہ زندگی کا حصہ بن چکے تھے۔ دیویا نکا نے کہا کہ جب ان کے بیٹے بڑے ہوں گے تو وہ انہیں دھنپت انکل کے بارے میں ضرور بتائیں گی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ دیوالی کے موقع پر عمارت میں بجلی کی فراہمی بحال کردی گئی تھی، جبکہ گیس کی سپلائی اور لفٹیں اگلے روز حفاظتی معائنے کے بعد دوبارہ فعال ہوئیں۔ تاہم ان کے مطابق سہولیات بحال ہونے کے باوجود زندگی معمول پر نہیں آسکی، کیونکہ آگ نے عمارت کے پورے حصے کو متاثر کیا تھا اور ایک قیمتی انسانی جان کا نقصان خاندان کے دلوں میں ایسا خلا چھوڑ گیا جسے کوئی روشنی ختم نہیں کرسکتی۔
دیویا نکا ترپاٹھی اور وویک دہیا کی پہلی ملاقات ٹی وی ڈرامے ’یہ ہے محبتیں‘ کے سیٹ پر ہوئی تھی۔ دونوں نے 8 جولائی 2016 کو بھارتی شہر بھوپال میں شادی کی۔ ان کے جڑواں بیٹے مئی 2026 میں پیدا ہوئے تھے۔
مزید پڑھیں:شاہ محمود قریشی کی طبیعت ناساز، اسپتال منتقل کردیا گیا
حال ہی میں جوڑے نے اپنے بچوں کے نام بھی ظاہر کیے، جن کے نام دائوِک اور ویدوِک رکھے گئے ہیں۔ اس سے پہلے وہ بچوں کو عارضی طور پر ٹی ون اور ٹی ٹو کہہ کر پکارتے تھے۔ بچوں کے ناموں کا اعلان انہوں نے پروگرام ’پتی، پتنی اور پنگا 2‘ میں کیا تھا۔












منگل 10 نومبر 2026 