اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات رکوانے سے متعلق درخواست پر فیصلہ سنادیا، اسلام آباد ہائیکورٹ نے 21 اکتوبر کا نوٹیفکیشن معطل کردیا۔ عدالت نے 26 نومبر تک فریقین سے جواب طلب کرلیا۔
درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ 2024 میں نئی حلقہ بندیاں کی گئیں اور اس کے بعد بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری ہوا، تاہم 2026 میں نیا لوکل گورنمنٹ آرڈیننس آنے سے انتخابی عمل اور حلقہ بندیوں کی قانونی حیثیت متاثر ہوئی۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ نیا آرڈیننس کابینہ سے منظوری کے بعد پارلیمنٹ میں پیش کیا جاچکا ہے۔ ان کے مطابق آرڈیننس کے تحت میٹروپولیٹن کارپوریشنز کی تعداد ایک سے بڑھا کر تین کردی گئی، جبکہ پرانی حلقہ بندیوں کی بحالی کے بغیر انتخابی شیڈول جاری کردیا گیا۔
درخواست گزار کے وکیل کا مزید کہنا تھا کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے تک امیدواروں کو ووٹر لسٹیں فراہم نہیں کی گئی تھیں، جس کے باعث شہریوں کو اپنے وارڈز کے بارے میں بھی مکمل معلومات نہیں تھیں۔ ان کے مطابق اسی وجہ سے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے والوں کی تعداد کم رہی اور بعد میں نامزدگیوں کی تاریخ میں بھی توسیع کرنا پڑی۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ انتخابی عمل کو فوری طور پر روکا جائے، کیونکہ اگر شیڈول بعد میں معطل کیا گیا تو امیدواروں کے بھاری اخراجات ضائع ہوسکتے ہیں۔ بلدیاتی انتخابات رکوانے کی درخواست پر سماعت کا تحریری حکمنامہ جاری کردیا گیا۔ عدالت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول معطل کرنے کی درخواست منظور کرلی۔
دوسری جانب امیدواروں کا مؤقف ہے کہ سابقہ شیڈول کے تحت جمع کرائی گئی دو ہزار روپے فیس نئے انتخابی شیڈول میں ایڈجسٹ کی جائے جس پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن سمیت فریقین سے جواب طلب کر لیا۔
جسٹس عمیر مجید ملک نے ملک ساجد محمود کی درخواست پر سماعت کا حکمنامہ جاری کرتے ہوئے فریقین کو آئندہ سماعت سے قبل جواب اور رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔ حکمنامے کے مطابق وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ سابقہ انتخابی شیڈول کے تحت ہر امیدوار نے دو ہزار روپے فیس جمع کرائی تھی، تاہم 16 جنوری 2025 کو انتخابی شیڈول منسوخ ہونے کے باعث پولنگ نہ ہو سکی۔ نئے شیڈول میں انہی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے کے لیے دوبارہ دو ہزار روپے فیس طلب کی جا رہی ہے۔
درخواست گزاروں کے مطابق بار بار فیس وصولی آئین کے آرٹیکل 4 اور 25 کی خلاف ورزی ہے۔ وکیل کا کہنا تھا کہ امیدوار جمع شدہ فیس واپس نہیں مانگ رہے بلکہ اسے نئے شیڈول میں ایڈجسٹ کرنے کے خواہاں ہیں۔ عدالت نے درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے اسے دوبارہ سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہوگیا ہے۔ جنرل کونسلر کی 1125 نشستوں کیلئے 3505 امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے، اسلام آباد بلدیاتی انتخابات کیلئے چھ ہزار 568 کاغذات نامزدگی جاری کئے گئے، 1125 جنرل کونسلر کیلئے 110 خواتین امیدواروں نے بھی کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔
مزید پڑھیں:چھوٹے صوبوں کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، محمد علی درانی
اسلام آباد میں بلدیاتی اداروں کی مدت فروری 2021 میں ختم ہوئی تھی، تقریباً ساڑھے پانچ سال بعد 20 دسمبر کو پولنگ شیڈول ہے۔












جمعہ 13 نومبر 2026 