سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر گزشتہ نو برسوں سے کھڑے لاوارث بوئنگ طیارے کو بالآخر نیلام کر دیا گیا ہے، جس کی بولی چار لاکھ سے زائد امریکی ڈالر میں لگی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق فلائی جیٹ ایشیا ایئرویز کا یہ بوئنگ 767 طیارہ 29 اگست 2017 سے سیالکوٹ ایئرپورٹ کے رن وے کے قریب کھڑا تھا، جس پر ایئرپورٹ انتظامیہ کے لاکھوں روپے کے واجبات واجب الادا ہو چکے تھے۔ متعلقہ فضائی کمپنی کے دیوالیہ ہو جانے کے بعد طویل عرصے سے کھڑے اس ناقابلِ استعمال طیارے کو عدالتی احکامات کی روشنی میں نیلام کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے ذریعے ایئرپورٹ کے تمام بقایا واجبات وصول کر لیے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے کے مطابق نیلامی کے لیے دیے گئے باضابطہ اشتہار میں طیارے کی محفوظ بولی (ریزرو پرائس) 4 لاکھ امریکی ڈالر مقرر کی گئی تھی، تاہم نیلامی کے عمل میں یہ طیارہ چار لاکھ سے زائد ڈالر میں فروخت ہوا۔ حکام کے مطابق ماضی میں چارٹر پروازوں پر مامور رہنے والے اس طیارے کے انجن، مسافر نشستیں اور لینڈنگ گیئر تاحال صحیح حالت میں موجود تھے۔ سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ترجمان محمد عمیر خان نے بھی اس طیارے کی نیلامی کے عمل کی باضابطہ تصدیق کر دی ہے۔












ہفتہ 14 نومبر 2026 