اسلام آباد: چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خان نے کہا ہے کہ ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ کا دائرہ کار ملک گیر سطح پر وسیع کر کے اسے “پاکستان ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ” بنا دیا گیا ہے، جبکہ “پاکستان دانش اتھارٹی” کے قیام کے ذریعے ملک بھر کے غریب ترین طبقے کے بچوں کے لیے معیاری تعلیمی ادارے قائم کر کے وسائل سے محروم مستحق طلبہ کو دنیا کی ٹاپ 50 یونیورسٹیوں میں داخلے اور اسکالرشپس فراہم کی جا رہی ہیں۔
جمعرات کے روز نیشنل کالج آف آرٹس (این سی اے) میں منعقدہ ویسٹ منسٹر اسکول کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا مشہود احمد خان نے حکومتی تعلیمی پالیسیوں کے تسلسل پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بتایا کہ 2010 میں بطور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے ملک کی پہلی یوتھ پالیسی دی تھی جس کے تحت دانش اسکولز، ایجوکیشن انڈومنٹ فنڈ اور آسان قرضوں کی بنیاد رکھی گئی، جبکہ 2013 میں اس وقت کے وزیراعظم نواز شریف نے لیپ ٹاپ اسکیم کو وفاقی سطح پر متعارف کرایا، اور اب وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں اسی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے تمام تعلیمی و فلاحی منصوبوں کو قومی سطح پر وسعت دی گئی ہے۔
رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ ماضی میں ہم بانیانِ پاکستان کے اصل وژن سے بھٹک گئے تھے، تاہم اب نوجوانوں کو معیاری تعلیم اور مثبت پلیٹ فارم فراہم کر کے قیامِ پاکستان کے وعدوں کو عملی جامہ پہنایا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ برس معرکہِ حق “بنیانِ مرصوص” میں پاکستان نے نہ صرف عسکری محاذ پر فتح حاصل کی بلکہ ہمارے نوجوانوں نے ٹیکنالوجی کے میدان میں بھارتی نظام کو مفلوج کر کے دنیا کو حیران کر دیا، جس کے بعد عالمی منڈی میں پاکستانی ہنرمند نوجوانوں کی مانگ میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے۔
حکومت کے فلیگ شپ منصوبے “ڈیجیٹل یوتھ ہب” کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے چیئرمین پرائم منسٹر یوتھ پروگرام نے بتایا کہ وہ بطور سربراہ کمیٹی برائے پیداواری روزگار ملک سمیت دنیا بھر میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع تلاش کر رہے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 10 لاکھ سے زائد نوجوان اور 2400 سے زیادہ ملکی و غیر ملکی کمپنیاں رجسٹرڈ ہو چکی ہیں، جبکہ دنیا بھر میں موجود 129 پاکستانی سفارتی مشنز روزگار، گرین اکانومی اور اسکالرشپس کے مواقع براہِ راست اس پورٹل پر فراہم کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ نوجوانوں کے اسٹارٹ اپس کے لیے نیشنل انوویشن ایوارڈ کے ذریعے فنڈز اور پرائم منسٹر یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت آسان قرضے بھی دیے جا رہے ہیں۔ تقریب میں ڈائریکٹر ویسٹ منسٹر اسکول، سی ای او راحیل سجاد خان، پرنسپل شگون عرفان اور بیرسٹر دانیال چوہدری سمیت اساتذہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔













جمعرات 19 نومبر 2026 
