سعودی عرب(Saudi Arabia) اور یمن کے حوثیوں کے درمیان کشیدگی میں تیزی آ گئی ہے جہاں سعودی فضائی دفاع نے دارالحکومت ریاض کی جانب داغے گئے تین بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا ہے، جبکہ سعودی فوجی اتحاد نے حوثیوں کے خلاف بڑے حملوں کی تیاری کے پیش نظر یمن کی الحدیدہ بندرگاہ خالی کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
سعودی اتحادی افواج کے ترجمان ترکی المالکی کے مطابق حوثیوں کی جانب سے ریاض کو نشانہ بنانے کے لیے تین بیلسٹک میزائل داغے گئے تھے، جنہیں سعودی فضائی دفاعی نظام نے دارالحکومت پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کر دیا۔
سعودی فوجی اتحاد کے ترجمان نے بتایا کہ مشترکہ افواج کی کمان نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ فراہم کردہ نقشے کے مطابق اپنی حفاظت کی خاطر یمن کی الحدیدہ بندرگاہ سے نکل جائیں۔
مزیدپڑھیں:روس نے یوکرین پر 400 سے زائد ڈرون اور 110 سے زیادہ میزائل داغ دیے، 8 افراد ہلاک
اس پیش رفت کو خطے میں حوثیوں کے خلاف ممکنہ بڑے فوجی حملوں کی تیاری کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔
سعودی اتحاد کی وارننگ کے جواب میں یمن کے حوثیوں نے جدہ سمیت بحیرۂ احمر میں واقع دیگر سعودی بندرگاہوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی دی ہے۔
حوثی فوج کے ترجمان یحییٰ سریع نے کہا ہے کہ اگر سعودی فوجی اتحاد نے الحدیدہ بندرگاہ پر حملہ کیا تو پھر سعودی عرب کی بندرگاہیں بھی ہدف ہوں گی۔ انہوں نے شپنگ کمپنیوں پر بھی زور دیا کہ وہ اپنی تمام کشتیاں اور جہاز بندرگاہوں سے ہٹا لیں۔
ادھر سعودی عرب کے نجران ریجن، ریاض شہر اور السلیل گورنری میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر جاری کیا گیا الرٹ شہری دفاع نے چند منٹ بعد واپس لے لیا۔
حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے، کھلی جگہوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے کی تاکید کی ہے، جبکہ میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں کی ویڈیوز اور تصاویر لینے سمیت حساس سکیورٹی معلومات سوشل میڈیا پر نشر کرنے سے گریز کا انتباہ بھی جاری کیا گیا ہے۔













ہفتہ 21 نومبر 2026 
