Advertisement

دہلی باہر سے آنے والی تہذیبوں سے کمزور نہیں بلکہ مزید مضبوط ہوا ہے: مصدق ملک

Calender Icon ہفتہ 21 نومبر 2026

نئی دہلی: وفاقی وزیر ڈاکٹر مصدق ملک نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے کلچرل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہلی باہر سے آنے والی تہذیبوں اور لوگوں سے کم نہیں ہوا بلکہ مزید مضبوط ہوا ہے، اور کسی بھی تہذیب کو محض ایک دور یا ایک شناخت تک محدود کر کے نہیں دیکھا جا سکتا۔

نئی دہلی کے تاریخی ’پرانا قلعہ‘ میں منعقدہ ایس سی او کے پہلے تہذیبی مکالمے کے فورم میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا کہ کسی بھی تہذیب کی تشکیل میں مختلف ادوار اور ثقافتوں کا حصہ ہوتا ہے۔ انہوں نے پرانے قلعے کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ یہ قلعہ خود تاریخ کی ایک مکمل داستان ہے، جس کی بنیاد وسطی ایشیا سے آنے والے تیموری حکمران ہمایوں نے رکھی جبکہ اس کی تکمیل کو افغان حکمران شیر شاہ سوری نے آگے بڑھایا، یوں مختلف ادوار کے حکمرانوں نے اس مشترکہ تاریخی ورثے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کیا۔

وفاقی وزیر نے پاکستان کی تہذیبی تاریخ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی تاریخ کے تین اہم ادوار کا امین ہے اور اس کے تاریخی روابط شمال میں بخارا و سمرقند سے لے کر مغرب میں فارس اور عرب تک پھیلے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وادی سندھ اور گندھارا سمیت ان خطوں کے ثقافتی روابط نے پاکستان کی تہذیبی شناخت کو تشکیل دیا، جبکہ گندھارا کا بدھ فنِ تعمیر شاہراہِ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔ ان کا کہنا تھا کہ تہذیبی مکالمے کے لیے ضروری ہے کہ مختلف ثقافتوں اور روایات کی اہمیت کو تسلیم کیا جائے اور ایک دوسرے کے تاریخی تجربات سے سیکھا جائے۔

موسمیاتی خطرات کا ذکر کرتے ہوئے سینیٹر مصدق ملک نے خبردار کیا کہ موسمیاتی تبدیلی آج تہذیب کے لیے ایک نئے خطرے کے طور پر سامنے آئی ہے جو تاریخی ورثے کو بھی شدید نقصان پہنچا سکتی ہے، اس لیے اس چیلنج سے نمٹنے کے لیے مختلف تہذیبوں کے درمیان مکالمہ انتہائی ضروری ہے۔ واضح رہے کہ نئی دہلی میں جاری یہ اجلاس 22 نومبر تک جاری رہے گا، جبکہ مئی 2023 میں بلاول بھٹو زرداری کے دورہ بھارت کے بعد یہ کسی بھی پاکستانی وفاقی وزیر کا بھارت کا پہلا دورہ ہے۔