Advertisement

بابا گورونانک کے 557ویں جنم دن کی تقریبات، 2 ہزار 339 بھارتی سکھ یاتری پاکستان پہنچ گئے

Calender Icon پیر 23 نومبر 2026

بابا گورونانک(BabaGuruNanak) دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 ہزار 339 بھارتی سکھ یاتری اتوار کو واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے، جہاں متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔

متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین قمر زمان، سیکریٹری ناصر مشتاق، پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے صدر اور صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑا، کمیٹی کی سیکریٹری جنرل ستونت کور اور دیگر حکام نے واہگہ بارڈر پر یاتریوں کا خیرمقدم کیا۔

املاک بورڈ کے ترجمان عامر ہاشمی کے مطابق بھارت سے آنے والے 2 ہزار 339 سکھ یاتری بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان پہنچے ہیں۔

پاکستان ہائی کمیشن نئی دہلی نے اس موقع پر بھارتی سکھ یاتریوں کو تقریباً 3100 ویزے جاری کیے تھے۔

یاتریوں کی آمد کے موقع پر واہگہ بارڈر پر امیگریشن اور سامان کی جانچ پڑتال کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے تھے، جبکہ سیکیورٹی کے لیے رینجرز کے اہلکار تعینات کیے گئے۔


متروکہ وقف املاک بورڈ نے سرحد پر کرنسی تبدیل کرنے کی سہولت بھی فراہم کی، جبکہ یاتریوں کو فوری طور پر شناختی کارڈز اور بسوں کے ٹکٹ جاری کیے گئے تاکہ ان کی منزل تک روانگی میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔

ترجمان کے مطابق بھارتی سکھ یاتریوں کو سخت سیکیورٹی میں 3 الگ الگ قافلوں کی صورت میں ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا، جہاں 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں بابا گورونانک کے جنم دن کی مرکزی تقریب منعقد ہوگی۔

مزیدپڑھیں:وطن پر جان قربان کرنے والے پاک فوج کے شہید جوان کو فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا

تقریبات کا آغاز 23 نومبر سے ہوگا اور یہ 24 نومبر تک جاری رہیں گی، ان مذہبی تقریبات میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 20 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔

مرکزی تقریب میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سمیت وفاقی اور صوبائی وزرا خصوصی مہمانوں کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔

اس موقع پر مذہبی رسومات بھوگ اور اکھنڈ پاٹھ صاحب ادا کی جائیں گی، جبکہ روایتی پالکی جلوس نگر کیرتن بھی نکالا جائے گا۔

چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ قمر زمان نے کہا کہ بورڈ پاکستان آنے والے سکھ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہا ہے تاکہ انہیں قیام کے دوران کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔


انہوں نے امید ظاہر کی کہ یاتری پاکستان سے محبت، امن اور بھائی چارے کی خوشگوار یادیں لے کر واپس جائیں گے۔

اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سکھ یاتریوں کی مذہبی رسائی کے لیے کرتارپور راہداری فوری طور پر دوبارہ کھولی جائے۔

واضح رہے کہ بھارت نے مئی 2025 میں پاکستان اور بھارت کے درمیان 4 روزہ کشیدگی کے دوران کرتارپور راہداری سے آمدورفت معطل کر دی تھی۔

بھارت سے آئے اکھنڈ تخت کے رہنما کلدیپ سنگھ گرگج نے کہا کہ سکھ برادری پاکستان کے ساتھ عقیدت اور احترام کا گہرا رشتہ رکھتی ہے اور یہاں ان کے مذہبی مقامات محفوظ اور اپنی اصل حالت میں برقرار ہیں۔

دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے وفد کے رہنما پرمجیت سنگھ نے بھی پاکستان کو سکھوں کے لیے خصوصی اہمیت کا حامل قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے گرو کی سرزمین ہے اور سکھ برادری اس سے بے پناہ محبت کرتی ہے۔


شیڈول کے مطابق یاتری 25 نومبر کو فاروق آباد میں گوردوارہ سچا سودا جائیں گے، جس کے بعد حسن ابدال میں گوردوارہ پنجہ صاحب میں قیام کریں گے۔

27 نومبر کو وہ نارووال میں گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور کا دورہ کریں گے، جبکہ 29 اور 30 نومبر کو لاہور کے مختلف تاریخی گوردواروں کی زیارت کریں گے۔

بھارتی سکھ یاتری یکم دسمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے سڑک کے ذریعے وطن واپس روانہ ہوں گے۔