Advertisement

کیا ذیشان علی واقعی خلا میں جانے والے پہلے پاکستانی ہیں؟

Calender Icon بدھ 25 نومبر 2026

پاکستان فضائیہ کے پائلٹ محمد ذیشان علی(Zeeshan Ali) زمین کے مدار میں داخل ہونے اور کسی خلائی اسٹیشن پر جانے والے پہلے پاکستانی بن گئے ہیں، تاہم خلا کی حدود تک پہنچنے والی پہلی پاکستانی شہری ہونے کا اعزاز نمیرا سلیم کو حاصل ہے جنہوں نے 2023 میں نجی تجارتی پرواز کے ذریعے خلا کا سفر کیا تھا۔

برطانوی خبر رساں ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق 25 نومبر کو چین کے شین ژو 24 خلائی جہاز کے ذریعے روانہ ہونے والے محمد ذیشان علی پاکستان کے پہلے پیشہ ورانہ تربیت یافتہ خلاباز ہیں اور چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن پر سوار ہونے والے پہلے غیر ملکی شہری بھی ہیں۔

پاکستان کے خلائی ادارے ’سپارکو‘ اور ’چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی‘ کے درمیان 2025 میں طے پانے والے دو طرفہ خلائی معاہدے کے بعد انہوں نے چین میں سات ماہ تک خلابازی کی تربیت حاصل کی، اور اب وہ پے لوڈ اسپیشلسٹ کی حیثیت سے خلائی اسٹیشن پر کئی روز قیام کے دوران سائنسی تجربات انجام دیں گے۔

تاہم، اس سے قبل مہم جو اور کاروباری شخصیت نمیرا سلیم نے اکتوبر 2023 میں نجی خلائی سیاح کے طور پر ’ورجن گیلیکٹک‘ کے ’گیلیکٹک 04‘ مشن کے ذریعے خلا کا سفر کر کے خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی شہری بننے کا اعزاز حاصل کیا تھا۔

موناکو میں مقیم قطبی مہم جو نمیرا سلیم نے اس کمرشل سب آربیٹل پرواز کے ٹکٹ کے لیے 2 لاکھ ڈالر ادا کیے تھے اور یہ ٹکٹ انہوںنے 2006 میں خریدا تھا۔


ماہرین کے مطابق دونوں خلائی پروازوں کی نوعیت میں بنیادی تکنیکی فرق موجود ہے۔

سب آربیٹل پرواز سے مراد ایسی پرواز ہے جس میں خلائی جہاز بیرونی خلا کی حدود تک تو پہنچتا ہے لیکن اس کی رفتار اس حد سے کم ہوتی ہے جسے آربیٹل ویلوسیٹی کہا جاتا ہے۔ یہ رفتار زمین کے گرد مدار میں برقرار رہنے کے لیے ضروری ہوتی ہے۔

مزیدپڑھیں:عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گر گئیں

اسی وجہ سے نمیرا سلیم کی پرواز چند منٹ خلا کے کنارے پر گزارنے کے بعد واپس زمین پر اتر آئی تھی۔

ورجن گیلیکٹک کے اس گیلیکٹک 04 مشن میں کمپنی کے تین ملازمین کے علاوہ تین خلائی سیاح سوار تھے، جن میں نمیرا سلیم کے ہمراہ امریکا سے رون روسانو اور برطانیہ سے ٹریور بیٹی شامل تھے۔


اس طرح نمیرا سلیم نجی تجارتی پرواز کے ذریعے خلا میں جانے والی پہلی پاکستانی شہری رہیں، جبکہ محمد ذیشان علی باقاعدہ سرکاری مشن کے تحت زمین کے مدار میں داخل ہونے اور خلائی اسٹیشن پر قیام کرنے والے پہلے پاکستانی خلاباز کی حیثیت سے سائنسی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔