واٹس ایپ(Whatsapp) نے بیرون ملک سفر کرنے والے صارفین کے لیے نیا ’’ٹریول ای سم‘‘ فیچر متعارف کرانے کا باضابطہ اعلان کردیا ہے، جس کے ذریعے صارفین ایپ سے باہر نکلے بغیر چند مراحل میں ڈیٹا ای سم خرید اور انسٹال کرسکیں گے۔
واٹس ایپ کے مطابق اس فیچر کا مقصد بین الاقوامی سفر کے دوران صارفین کو انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ انہیں مقامی سم کارڈ خریدنے یا وائی فائی تلاش کرنے کی ضرورت نہ پڑے۔
اس سہولت کے ذریعے صارفین بیرون ملک پہنچنے کے بعد بھی اپنے اسی واٹس ایپ نمبر پر معمول کے مطابق رابطے میں رہ سکیں گے اور دیگر انٹرنیٹ پر چلنے والی ایپس بھی استعمال کرسکیں گے۔
مزیدپڑھیں:لاہور ہائیکورٹ کا کم عمر لڑکیوں کی شادی سے متعلق اہم فیصلہ
اس فیچر کے لیے واٹس ایپ مختلف ای سم فراہم کرنے والی کمپنیوں اور ٹیلی کام اداروں کے ساتھ کام کررہا ہے، جن میں ریلائنس جیو، اسمارٹ ایکسیٹا، اسمارٹ کمیونیکیشنز اور ویریزون شامل ہیں۔
کمپنی کے مطابق اس سہولت کا آغاز جلد منتخب ممالک میں کیا جائے گا، تاہم ابتدائی طور پر کن ممالک میں یہ دستیاب ہوگی، اس کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر دستیاب ہونے پر واٹس ایپ کے اکاؤنٹ سیکشن میں نظر آئے گا، جہاں صارفین ان ممالک اور مقامات کی فہرست دیکھ سکیں گے جہاں ٹریول ای سم کی سہولت موجود ہوگی۔
صارفین اپنی مطلوبہ منزل تلاش کرکے دستیاب ڈیٹا پیکجز بھی دیکھ سکیں گے۔
واضح رہے کہ یہ سہولت صرف ان اسمارٹ فونز پر کام کرے گی جو ای سم ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرتے ہیں۔













ہفتہ 28 نومبر 2026 
