Pakistan in Space - Ammi's Last Instructions

وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کی پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو

Calender Icon ہفتہ 28 نومبر 2026

پاکستان کے پہلے خلا باز ونگ کمانڈر محمد ذیشان علی (Zeeshan Ali)نے چین کے تیانگونگ خلائی اسٹیشن پہنچ کر تاریخ رقم کردی۔ شینژو 24 خلائی مشن کے رکن کی حیثیت سے خلائی اسٹیشن پر موجود محمد ذیشان علی سے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے براہِ راست گفتگو کی اور انہیں اس تاریخی کامیابی پر مبارکباد دی۔

محمد ذیشان علی 25 نومبر 2026 کو چین کے شینژو 24 مشن کے ذریعے خلا میں پہنچے اور تیانگونگ خلائی اسٹیشن پر قدم رکھنے والے پہلے غیر ملکی خلا باز بن گئے۔ یہ مشن پاکستان اور چین کے خلائی تعاون میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا جارہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو کے دوران محمد ذیشان علی کو تاریخی خلائی مشن پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج کا دن پاکستان کے 24 کروڑ عوام کے لیے باعثِ فخر ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد ذیشان علی کی کامیابی پوری قوم کے لیے اعزاز ہے اور اس سے پاکستان کے نوجوانوں کے لیے نئی امیدوں اور امکانات کے دروازے کھلے ہیں۔

وزیراعظم نے خلا باز کے اہلِ خانہ، ان کی تربیت اور تیاری میں معاونت کرنے والے ماہرین اور ساتھیوں کو بھی مبارکباد پیش کی، جبکہ مشن میں شریک چینی خلا بازوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ محنت، مقصد سے وابستگی، مسلسل کوششوں اور غیر متزلزل عزم نے محمد ذیشان علی کو اس تاریخی مقام تک پہنچایا ہے۔ ان کے مطابق خلا باز کے حوصلہ افزا الفاظ نوجوانوں کے لیے مشعلِ راہ ہیں اور سائنس و ٹیکنالوجی کے فروغ میں نئی تحریک پیدا کریں گے۔

مزیدپڑھیں:خورشید محمود قصوری سے محمد علی درانی کی ملاقات، ملکی سیاسی صورتحال اور چھوٹے صوبوں کے قیام پر تبادلہ خیال

وزیراعظم نے چیئرمین سپارکو، ان کی ٹیم اور چائنا مینڈ اسپیس ایجنسی کو بھی اس کامیابی پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خلائی تحقیق اور متعلقہ شعبوں میں پیش رفت کے ایک نئے دور میں داخل ہورہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان خلا کو پُرامن مقاصد اور انسانیت کی بھلائی کے لیے استعمال کرنے پر یقین رکھتا ہے۔ خلائی اسٹیشن پر کیے جانے والے تجربات عالمی سائنسی برادری کے علم میں اضافے کا ذریعہ بنیں گے۔ انہوں نے مشن میں شریک تمام خلا بازوں کی صحت، کامیابی اور بحفاظت وطن واپسی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اس موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی محمد ذیشان علی سے براہِ راست گفتگو کی اور انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پوری قوم اور مسلح افواج کو ان کی کامیابی پر فخر ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا کہنا تھا کہ پاکستان کا سپوت خلا میں پہنچا اور اس نے ایک عظیم کامیابی حاصل کی ہے۔ چین کے خلائی اسٹیشن پر پاکستانی خلا باز کی موجودگی پاکستان اور چین کی آزمودہ اسٹریٹجک شراکت داری کا قابلِ فخر ثبوت ہے۔

مزیدپڑھیں:وزیراعظم کی لاہور میں صدر مملکت سے اہم ملاقات متوقع

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی بے مثال ہے، جو ہمالیہ سے بلند، سمندروں سے گہری اور شہد سے میٹھی ہے۔ اب یہ دوستی کائنات کی وسعتوں تک پہنچ چکی ہے۔

چیف آف ڈیفنس فورسز نے مزید کہا کہ محمد ذیشان علی کی خلائی پرواز علامہ اقبال کے نوجوانوں سے متعلق وژن کی عملی تعبیر ہے۔ ان کی کامیابی پاکستان کے نوجوانوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے اور انہیں سائنس، ٹیکنالوجی اور تحقیق کے میدان میں آگے بڑھنے کی ترغیب دے گی۔

جواب میں پاکستانی خلا باز محمد ذیشان علی نے وزیراعظم اور چیف آف ڈیفنس فورسز کے حوصلہ افزا کلمات اور نیک تمناؤں پر شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ خلائی اسٹیشن سے پاکستان کی نمائندگی کرنا ان کے لیے انتہائی اعزاز اور فخر کی بات ہے۔

محمد ذیشان علی نے بتایا کہ وہ زمین سے تقریباً 400 کلومیٹر بلندی پر 7.9 کلومیٹر فی سیکنڈ کی رفتار سے پاکستان کی نمائندگی کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ طے شدہ منصوبے کے مطابق اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے اور چینی ساتھیوں کے ساتھ سائنسی تحقیق کے کام میں بھرپور حصہ لینے کی کوشش کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی قوم کی توقعات کے مطابق تحقیقی کام انجام دینا ان کی اولین ترجیح ہے اور قیادت کی حوصلہ افزائی انہیں اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں ادا کرنے کا جذبہ فراہم کرے گی۔

محمد ذیشان علی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان اور چین کی دوستی کو مزید بلندیوں تک لے جانے میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یہ تاریخی خلائی مشن پاکستان اور چین کے سائنسی و تکنیکی تعاون میں ایک اہم پیش رفت ہے۔ پاکستان کے پہلے خلا باز کی خلائی اسٹیشن پر موجودگی سے نوجوان نسل کے لیے خلائی تحقیق، سائنس اور ٹیکنالوجی کے نئے امکانات پیدا ہونے کی امید ہے۔