رحیم یار خان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ماضی میں بڑوں نے غلطیاں کیں اور پھر ان سے سیکھا، جبکہ میثاق جمہوریت کے بعد اب سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومت گرانے کی سازش نہیں کرتیں۔
رحیم یار خان میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے ایک بار پھر سیاسی مفاہمت کا پیغام دیا اور کہا کہ اگر سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کی حکومتیں نہ گرائیں اور اختلافات بھلا کر مسائل کا مقابلہ کریں تو عوامی خدمت کے لیے مؤثر کام کیا جا سکتا ہے۔ ان کے مطابق اگر حکومت تمام فیصلے اور کام باہمی رضامندی سے کرے اور اختلافات فراموش کر کے درپیش چیلنجز کا سامنا کیا جائے تو ایسا کوئی مسئلہ نہیں جس کا حل ممکن نہ ہو۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے خبردار کیا کہ اگر سیاسی قوتیں مسلسل کھینچا تانی میں الجھی رہیں تو اس کا براہِ راست نقصان عوام کو اٹھانا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ انتقامی سیاست عوام کے ساتھ ناانصافی کے مترادف ہے، اس لیے نفرت اور تقسیم کی سیاست ترک کر کے عوامی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی جانی چاہیے۔
خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے پنجاب میں ایس آئی یو ٹی (SIUT) منصوبہ جاری رہنے پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ماضی کی روایت یہ رہی تھی کہ پیپلز پارٹی یا مسلم لیگ ن کی حکومت ختم ہوتی تو گزشتہ ادوار کے عوامی منصوبے بھی بند یا ختم کر دیے جاتے تھے، تاہم آج یہ منصوبہ اس وجہ سے جاری ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس کی راہ میں کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح مریم نواز نے پہلی خاتون وزیراعلیٰ کی حیثیت سے مثبت روایت قائم رکھی ہے، اسی طرح وہ بھی باہمی احترام اور تعاون کی اس روایت کو برقرار رکھتے ہیں۔ انہوں نے ایک بار پھر اس عزم کا اعادہ کیا کہ باہمی عدم مداخلت اور سیاسی استحکام کے ذریعے ہی عوام کے لیے حقیقی معنوں میں کام کیا جا سکتا ہے۔













ہفتہ 28 نومبر 2026 
