لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان و ثقافت کے فروغ کے لیے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے سرکاری سطح پر ’سانجھ‘ کے نام سے پنجابی نیوز چینل لانچ کرنے کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔
لاہور میں جاری چوتھی انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس کے دوسرے روز بھی ثقافتی رنگوں، ڈھول کی تھاپ اور فکری نشستوں کا سلسلہ جاری رہا، جس میں وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے خصوصی شرکت کی۔ کانفرنس کے دوران انہوں نے مختلف ثقافتی و ادبی اسٹالز کا دورہ کیا اور تقریب کے منتظمین کی کاوشوں کو سراہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے خوشخبری سنائی کہ پنجابی زبان کے فروغ کے لیے سرکاری سطح پر ’سانجھ‘ کے نام سے نیا چینل شروع کیا جا رہا ہے، جبکہ اس کے ساتھ ساتھ سرکاری نشریاتی اداروں پی ٹی وی (PTV) اور ریڈیو پاکستان پر بھی باقاعدگی سے پنجابی پروگرامز نشر کیے جائیں گے۔ ننکانہ صاحب کی دھرتی سے اپنے تعلق پر فخر کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے پنجاب کے حقیقی ہیروز کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا۔
عطا اللہ تارڑ نے پنجابی زبان کو تعلیمی نصاب کا حصہ بنانے اور سکھ بہن بھائیوں کو درپیش ویزہ مسائل کے حل میں مکمل تعاون کی یقین دہانی بھی کرائی۔ مزید برآں، انہوں نے اگلے برس انٹرنیشنل پنجابی کانفرنس وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منعقد کرانے کی تجویز پیش کرتے ہوئے شرکا سے ان کا ’چارٹر آف ڈیمانڈ‘ بھی طلب کر لیا۔
واضح رہے کہ اس عالمی کانفرنس میں پاکستان سمیت امریکہ، کینیڈا اور آسٹریلیا سے آئے ہوئے مندوبین اور ادب و ثقافت سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد شریک ہے۔ کانفرنس کے مختلف سیشنز میں پنجابی زبان کی ترویج، کسانوں کو درپیش مسائل اور جدید ڈیجیٹل دور میں نوجوان نسل کو اپنی مادری زبان سے جوڑے رکھنے کے طریقوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
کانفرنس کے منتظمین اور شرکا کا کہنا ہے کہ ’سانجھ‘ پنجابی چینل کے اجرا اور حکومتی سرپرستی سے پنجابی زبان اور ثقافت کو عالمی سطح پر نئی شناخت ملے گی، جبکہ نئی نسل کو اپنی تاریخی اور ثقافتی جڑوں سے جوڑے رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔













ہفتہ 28 نومبر 2026 
