پاکستان میں دہشتگردی میں بھارتی فوجی افسران اور افغان باشندے ملوث ہیں، ڈی جی آئی ایس پی آر

Calender Icon جمعہ 19 ستمبر 2025

اسلام آباد: ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے انکشاف کیا ہے کہ پاکستان میں دہشتگردی اور جرائم میں غیر قانونی افغان باشندے اور بھارتی فوج کے افسران ملوث ہیں۔

جرمن جریدے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے 40 سال تک لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کی، مگر اب پناہ کی وجوہات باقی نہیں رہیں۔ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے منظم اقدامات کیے گئے اور انسانی بنیادوں پر ڈیڈ لائن میں بار بار توسیع دی گئی۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت انتہا پسندانہ پالیسیوں پر عمل پیرا ہے، اپنے مسائل کو چھپانے کے لیے پاکستان میں دہشتگردی کروا رہا ہے۔ بھارتی فوجی افسران کے ملوث ہونے کے ثبوت عالمی برادری کو پیش کیے جا چکے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان میں کسی جیش یا مسلح جتھوں کے لیے کوئی جگہ نہیں، صرف ریاست کو جہاد کے اعلان کا اختیار ہے۔ پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن اسٹیٹ کا کردار ادا کیا اور بڑی قربانیاں دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں امریکی ہتھیار دہشتگردوں کے ہاتھ لگ گئے ہیں، جنہیں پاکستان میں حملوں میں استعمال کیا جا رہا ہے۔ امریکا بھی اس صورتحال پر تشویش ظاہر کر چکا ہے۔