فتنہ الخوارج آپریشن میں اب تک 1667 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

Calender Icon پیر 3 نومبر 2025

اسلام آباد: ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور عوام کے تحفظ کے لیے ہر لمحہ تیار ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان ایک خودمختار ملک ہے اور قومی پالیسیوں کے فیصلے صرف حکومت اور پارلیمنٹ کرتی ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ غزہ امن فوج کے حوالے سے فیصلہ بھی حکومت اور پارلیمنٹ کے دائرہ اختیار میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج ریاستی پالیسی پر عمل درآمد کرتی ہے، پالیسی بنانا اس کا کام نہیں۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ فتنہ الخوارج کے خلاف جاری آپریشن میں اب تک 1667 دہشت گرد ہلاک کیے جا چکے ہیں، جب کہ پاک افغان سرحدی جھڑپوں میں 206 افغان طالبان جنگجو اور 112 خوارج مارے گئے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ افغان طالبان کو پاکستان کا ردِعمل فوری اور مؤثر تھا۔ انہوں نے زور دیا کہ دہشت گردوں کے ساتھ کبھی مذاکرات نہیں ہوں گے۔

ترجمان پاک فوج کا کہنا تھا کہ فوج کا سیاست میں کوئی کردار نہیں، اور وہ کسی سیاسی عمل کا حصہ بننے کی خواہش نہیں رکھتی۔ انہوں نے سیاسی قیادت سے مطالبہ کیا کہ فوج کو سیاست سے دور رکھا جائے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے مزید کہا کہ گورنر راج سے متعلق کوئی بھی فیصلہ حکومت کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، فوج کا اس میں کوئی کردار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں جرائم کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ سیاسی جرائم پیشہ اور دہشت گرد گروپس ہیں، جن کے خلاف کارروائی جاری ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک فوج ہمیشہ عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور پاکستان کے دشمنوں کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔