پنجاب میں تعلیم اور ٹیکنالوجی کے امتزاج سے نیا دور شروع ہونے جا رہا ہے، وزیراعلیٰ مریم نواز

Calender Icon پیر 3 نومبر 2025

لاہور : پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی کے فروغ کی جانب اہم پیشرفت، گوگل فار ایجوکیشن اور ٹیک ویلی کے اعلیٰ سطحی وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے ملاقات میں پنجاب میں گوگل کروم بک فیکٹری لگانے کی پیشکش کی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے وفد کی پیشکش کا خیرمقدم کرتے ہوئے منصوبے کے لیے پنجاب حکومت کی بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کو بنیادی تعلیم کا حصہ بنانے کے لیے مربوط حکمتِ عملی پر عمل کیا جا رہا ہے، جبکہ پنجاب کو آرٹی فیشل انٹیلی جنس حب بنانے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔

وفد کی قیادت گوگل فار ایجوکیشن کے گلوبل ڈائریکٹر کیون کالیس نے کی، جبکہ ٹیک ویلی کے چیف انفارمیشن آفیسر عمر فاروق بھی اس موقع پر موجود تھے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ پنجاب میں تیار کی جانے والی گوگل کروم بُک (Chromebook) میں تین اہم سافٹ ویئر انسٹال کیے جائیں گے، جن میں:

  • طلبہ کے لیے آرٹی فیشل انٹیلی جنس ٹول کِٹ اور “اے آئی جیمنی” (AI Gemini)،
  • انگلش لرننگ کے لیے “ریڈ آلانگ” (Read Along) سافٹ ویئر،
  • اور تخلیقی کاموں کے لیے “کینوا” (Canva) ایپ شامل ہوگی۔

وفد نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ویژنری قیادت اور تعلیم و ٹیکنالوجی کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ گوگل فار ایجوکیشن پنجاب میں سرکاری اسکولوں کے 2 ہزار سے زائد اساتذہ کو ٹریننگ دے چکا ہے، جبکہ طلبہ کی آئی ٹی ٹریننگ پر بھی کام جاری ہے۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ “پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی تک رسائی بڑھانا، طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مقامی سطح پر آئی ٹی صنعت کو مضبوط بنانا حکومت کا ترجیحی ہدف ہے۔”