تمام جمہور پسند قوتیں “ناجائز” ترمیم کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہوں ، اسد قیصر

Calender Icon پیر 3 نومبر 2025

اسلام آباد : مرکزی رہنما پاکستان تحریکِ انصاف و سیکرٹری جنرل تحریکِ تحفظِ آئینِ پاکستان، اسد قیصر نے کہا ہے کہ ریاستی ایوانوں سے ایک بار پھر نئی آئینی ترمیم کی بازگشت سنائی دے رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کا کہ ابھی 26ویں آئینی ترمیم کے زخم تازہ ہیں اور اب 27ویں آئینی ترمیم کی بات کی جا رہی ہے۔

اسد قیصر نے مزید کہا کہ 1973 کا آئین پاکستان کا متفقہ آئین ہے، جسے ذوالفقار علی بھٹو سمیت تمام سیاسی جماعتوں کی قیادت نے اتفاقِ رائے سے منظور کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ آئین ریاست کی تمام اکائیوں کو ایک خوبصورت بندھن میں جوڑے رکھتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ بھٹو کے جانشین اور اُن کی جماعت کو فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا وہ اسی آئین کے چہرے کو مسخ کریں گے یا جمہوریت اور عوام کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ اُن کے بقول موجودہ پارلیمنٹ فارم 47 کی پیداوار ہے، اور اس نوعیت کی کسی بڑی آئینی ترمیم کا کوئی اخلاقی جواز نہیں بنتا۔

اسد قیصر نے تمام جمہور پسند قوتوں سے اپیل کی کہ وہ اس “ناجائز” ترمیم کے خلاف متحد ہو کر کھڑی ہوں، اور خبردار کیا کہ اگر یہ ترمیم منظور ہو گئی تو پورا نظام اپنی بنیادوں سمیت زمین بوس ہو جائے گا۔