پارلیمنٹ لاجز میں 13 سال سے زیرِ التواء نیا بلاک تکمیل کے قریب پہنچ گیا۔ وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے زیرِ تعمیر بلاک کا دورہ کیا اور جاری تعمیراتی کاموں کی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا۔دورے کے دوران چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے وزیرِ داخلہ کو منصوبے کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ پارلیمنٹ لاجز کے نئے بلاک کا منصوبہ مقررہ ٹائم فریم میں مکمل کر لیا جائے گا۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے ہدایت کی کہ منصوبے کی جلد از جلد تکمیل یقینی بنائی جائے اور تعمیراتی معیار پر کسی صورت سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ انہوں نے ہدایت دی کہ تعمیراتی رفتار تیز کرنے کے لیے تین شفٹوں میں کام کیا جائے تاکہ طویل عرصے سے زیرِ التواء منصوبہ جلد مکمل ہو سکے۔محسن نقوی نے کہا کہ 2012 سے رکے ہوئے منصوبے کی تکمیل کے بعد پارلیمنٹرینز کو معیاری رہائشی سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پارلیمنٹ لاجز سمیت عوامی فلاح کے تمام منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پارلیمنٹ لاجز کے زیرِ تعمیر بلاک کا دورہ
منگل 4 نومبر 2025












