بھارت کا نیپال بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے پاکستانی ہیڈ کوچ کو ویزہ دینے سے انکار

Calender Icon منگل 4 نومبر 2025

اسلام آباد : پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے مطابق بھارت نے پہلے بلائنڈ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے نیپال ٹیم کے پاکستانی ہیڈ کوچ مسعود جان کو ویزہ دینے سے انکار کر دیا ہے۔

پی بی سی سی کے ترجمان نے بتایا کہ پرائیڈ آف پرفارمنس ایوارڈ یافتہ سابق پاکستانی کھلاڑی مسعود جان نیپالی بلائنڈ ویمنز کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔ پاکستان نے نیپال بلائنڈ کرکٹ ایسوسی ایشن کی درخواست پر انہیں کوچنگ کے لیے بھجوایا تھا۔

مسعود جان نے اپنے کیرئیر میں شاندار کارکردگی دکھائی۔ انہوں نے 1998ء کے ورلڈ کپ میں جنوبی افریقہ کے خلاف ناقابلِ شکست 262 رنز اسکور کیے تھے، جس پر ان کا نام گینز بک آف ورلڈ ریکارڈز میں بھی درج کیا گیا۔

پی بی سی سی کے مطابق مسعود جان نے 28 اکتوبر کو نیپال ٹیم کو جوائن کیا تھا، تاہم بھارتی ویزہ نہ ملنے کے باعث وہ 10 نومبر تک نیپال میں رہتے ہوئے ٹیم کی کوچنگ جاری رکھیں گے۔

قابلِ ذکر ہے کہ پہلا بلائنڈ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ 11 سے 23 نومبر تک بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔