ظہران ممدانی کی نریندر مودی پر کڑی تنقید، پرانی ویڈیو وائرل

Calender Icon جمعرات 6 نومبر 2025

نیویارک سٹی کے نو منتخب مسلمان میئر ظہران ممدانی کی ایک پرانی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل اس ویڈیو میں ظہران ممدانی کو اپنی انتخابی مہم کے دوران بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

میئر نیویارک سٹی کو ویڈیو میں ایک صحافی کے سوال کے جواب میں یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ میں نریندر مودی کے ساتھ اچھے تعلقات کا اظہار کرنے کے لیے کسی تقریب میں شامل نہیں ہوسکتا۔


اُنہوں نے مزید کہا کہ میں اس موقع پر یہ کہنا چاہتا ہوں کہ میرے والد کے خاندان کا بھارتی ریاست گجرات سے تعلق ہے، میرے والد ایک مسلمان خاندان سے ہیں، میں بھی مسلمان ہوں۔

ظہران ممدانی کا کہنا تھا کہ نریندر مودی نے گجرات میں مسلمانوں کا قتلِ عام کروایا تو ہمیں اُنہیں بھی اسی نظر سے دیکھنا چاہیے جس طرح ہم نیتن یاہو کو دیکھتے ہیں وہ بھی ایک ’جنگی مجرم‘ ہیں۔

واضح رہے کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی بھارتی نژاد کے نیویارک سٹی کا میئر منتخب ہونے پر بھارتی شہریوں کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا جارہا تھا لیکن ظہران ممدانی نے اپنے حالیہ بیانات میں یہ واضح کردیا ہے کہ وہ دنیا کے کسی بھی حصّے میں مسلمانوں پر ظلم کرنے والے حکمرانوں کا ساتھ نہیں دیں گے۔