فلپائن میں تباہ کن سمندری طوفان کالمیگی (Kalmaegi) نے وسطی علاقوں کو شدید متاثر کیا، جس کے نتیجے میں 140 افراد ہلاک اور درجنوں لاپتہ ہوگئے۔فلپائن میں تباہی مچانے کے بعد یہ طوفان ویتنام کے ساحلی علاقوں سے ٹکرا گیا جس کے باعث ملک بھر میں ہنگامی حالت نافذ کر دی گئی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق، طوفان کے باعث 140 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی تیز ہواؤں اور طغیانی نے شہر سیبو سمیت کئی علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی۔ سیلابی ریلوں نے درجنوں مکانات، گاڑیاں اور شپنگ کنٹینرز بہا دئیے۔ دوسری جانب ویتنامی سرکاری میڈیا کے مطابق طوفان کے باعث ہواؤں کی رفتار 92 میل فی گھنٹہ تک ریکارڈ کی گئی جب کہ 2 لاکھ 60 ہزار سے زائد فوجی اہلکار امدادی کارروائیوں کے لیے الرٹ کر دئیے گئے ہیں۔حکام نے بتایا کہ ملک کے 6 بڑے ہوائی اڈے بند کر دیے گئے ہیں اور سینکڑوں پروازیں منسوخ یا متاثر ہونے کا امکان ہے۔قومی موسمیاتی محکمے نے خبردار کیا ہے کہ سات صوبوں اور شہروں میں آئندہ چھ گھنٹوں کے دوران سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔حکام کے مطابق، طوفان کالمیگی کو رواں سال 2025 کا سب سے خطرناک طوفان قرار دیا گیا ہے۔
فلپائن میں ہولناک سمندری طوفان کالمیگی کی تباہ کاریاں
جمعہ 7 نومبر 2025












