سکھر میں وڈیرے کا ظلم، کھیت میں گھسنے پر اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی گئی

Calender Icon ہفتہ 20 ستمبر 2025

سکھر کی تحصیل صالح پٹ میں بے زبان جانور پر ظلم کی ایک اور افسوسناک واردات سامنے آئی ہے۔ بااثر وڈیرے نے کھیت میں گھس کر پانی پینے والی اونٹنی کو مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

عینی شاہدین اور مالک کے مطابق وڈیرے نے پہلے اونٹنی کی ٹانگ کاٹ دی، پھر اسے ٹریکٹر کے ساتھ باندھ کر گھسیٹا اور منہ پر ڈنڈے بھی مارے۔ زخمی اونٹنی کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا لیکن ڈاکٹروں نے علاج کرنے سے انکار کر دیا۔

واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے میئر سکھر سے رپورٹ طلب کر لی۔ ان کا کہنا تھا کہ جانور کے ساتھ اس طرح کا سلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جا سکتا۔

اونٹنی کے مالک کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق مقدمے میں نامزد تین ملزمان میں سے ایک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، جب کہ دیگر دو کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

جانوروں پر ظلم کے واقعات سندھ سمیت ملک کے دیگر حصوں میں وقفے وقفے سے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس طرح کے واقعات روکنے کے لیے سخت قوانین اور ان پر موثر عمل درآمد ضروری ہے۔