شاہ رخ خان کا ممبئی میں رئیل اسٹیٹ ایونٹ دھوم دھام سے یادگار لمحے میں تبدیل

Calender Icon ہفتہ 15 نومبر 2025

ممبئی(شوبز ڈیسک)شاہ رخ خان نے جمعرات کو ممبئی میں ایک رئیل اسٹیٹ ایونٹ کو مداحوں کے لیے پرجوش لمحہ بنا دیا۔ دبئی کے بزنس مین رضوان سجان نے 55 منزلہ نئی ٹاور عمارت شاہرُخز بائے ڈینیوب کا آغاز کیا، اور کنگ خان خود اس کی تقریبِ رونمائی کے لیے پہنچے۔

ایونٹ کا آغاز پرسکون انداز میں ہوا جہاں رضوان سجان نے یاد کیا کہ کس طرح ایک بار انہوں نے شاہ رخ خان کی اہلیہ سے اُس وقت ویڈیو کال پر بات کی جب وہ طبیعت کی ناسازی کے باعث آرام کر رہی تھیں۔ لیکن فلم اسٹار کے اسٹیج پر آتے ہی ماحول یکسر تبدیل ہو گیا۔

شاہ رخ خان، جنہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ وہ اب عوام میں “عید کے چاند” کی طرح نظر آتے ہیں، حسبِ روایت اپنے جملوں اور اسٹائل سے ہال میں بیٹھے لوگوں کو خوش کر گئے۔

60 سالہ اداکار اس عزت افزائی پر جذباتی بھی دکھائی دیے۔ انہوں نے کہا کہ ان کی مرحومہ والدہ یہ لمحہ دیکھ کر بہت فخر محسوس کرتیں۔ ہنستے ہوئے کہا، “جب میں بچوں کو دبئی لے کر جاؤں گا تو کہوں گا دیکھو، یہ تمہارے پاپا کی بلڈنگ ہے… حالانکہ یہ رضوان بھائی کی ہے۔”

شاہ رخ نے بتایا کہ انہیں پہلے لگا تھا یہ تقریب دبئی میں ہوگی مگر رضوان سجان نے اسے ممبئی میں کرنے پر زور دیا کیونکہ بھارت ان کے دل کے قریب ہے۔

شاہرُخز بائے ڈینیوب کو صرف ایک کمرشل ٹاور نہیں بلکہ دبئی کا نیا ٹورسٹ اٹریکشن قرار دیا جا رہا ہے—ایک ایسا شہر جہاں شاہ رخ پہلے ہی کروڑوں کی توجہ کا مرکز ہیں۔

ٹاور کی خصوصیات بھی غیر معمولی ہیں۔ رضوان سجان کے بیٹے عادل کے مطابق عمارت میں ہیلی پیڈ اور ایئر ٹیکسی اسٹیشن بھی شامل ہوگا، جب کہ دبئی 2026 میں فلائنگ ٹیکسی سروس شروع کرنے کی تیاری کر رہا ہے۔

داخلے پر شاہ رخ خان کے مشہور فلمی پوز میں ان کا مجسمہ بھی نصب کیا جائے گا، اس امید کے ساتھ کہ لوگ یہاں ویسے ہی تصویریں کھنچوائیں گے جیسے ممبئی میں منت کے باہر قطار بناتے ہیں۔