ایشیا کپ ٹی 20 کے ایک اہم مقابلے میں پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری ٹاکرے میں ایک متنازع فیصلے نے نئی بحث چھیڑ دی۔ پاکستان کے اوپننگ بیٹر فخر زمان کو 15 رنز پر آؤٹ قرار دیا گیا، لیکن ری پلے مناظر نے شائقین، کرکٹرز اور کمنٹیٹرز کو حیران کر دیا۔
پاکستانی اننگز کے دوران جب اسکور 21 رنز پر پہنچا، تو فخر زمان ہاردک پانڈیا کی گیند پر وکٹ کیپر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ قرار دیے گئے۔ فیلڈ امپائر نے فیصلہ تھرڈ امپائر کو ریویو کے لیے بھیجا۔ ری پلے میں واضح طور پر دکھائی دیا کہ گیند زمین سے ٹکرانے کے بعد کیپر کے ہاتھوں میں گئی، لیکن اس کے باوجود تھرڈ امپائر نے آؤٹ قرار دے دیا۔
فخر زمان نے خود بھی فیصلے پر حیرت کا اظہار کیا، جبکہ میچ میں موجود کمنٹیٹرز نے اس پر بار بار تبصرہ کرتے ہوئے فیصلے کو “مشکوک” قرار دیا۔
سابق کھلاڑیوں کا ردعمل
پاکستان کے سابق کرکٹرز نے بھی فخر کے حق میں آواز بلند کی
محمد عامر نے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا فخر زمان آؤٹ نہیں تھے، یہ صاف نظر آ رہا تھا۔”
محمد حفیظ نے اپنی پوسٹ میں زور دیا پاکستان کو ٹیم انڈیا کے ساتھ ساتھ اب آن فیلڈ امپائرز سے بھی مقابلہ کرنا ہوگا۔ بہترین کارکردگی کے بغیر جیت ممکن نہیں۔”
فواد عالم نے جذباتی انداز اپناتے ہوئے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے جیسے ہم صرف 11 کھلاڑیوں کے خلاف نہیں، بلکہ 14 کے خلاف کھیل رہے ہیں۔ فخر زمان واضح طور پر ناٹ آؤٹ تھے۔”
سوشل میڈیا پر شدید ردعمل
پاکستانی شائقین نے اس فیصلے کو کرکٹ کی روح کے منافی قرار دیا اور امپائرنگ کے معیار پر سوالات اٹھائے۔ کئی صارفین کا کہنا تھا کہ “ٹیکنالوجی کی موجودگی کے باوجود اگر واضح چیزیں نظرانداز ہوں تو انصاف کیسے ممکن ہے؟”