قصور: زیادتی کے ملزم کانسٹیبل کے بری ہونے پر خاتون نے خود کو آگ لگا لی

Calender Icon ہفتہ 6 دسمبر 2025

قصورکے قریب خاتون نے مبینہ طور پر خود کو آگ لگا دی جسے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

مذکورہ خاتون کے شوہر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ اہلیہ نے پولیس کانسٹیبل کے خلاف مقدمہ درج کرایا تھا، انصاف نہ ملنے پر خود کو آگ لگائی۔

دوسری جانب پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون نے 2022ء میں پولیس کانسٹیبل رفیق کے خلاف زیادتی کا مقدمہ درج کرایا تھا، جس پر محکمے نے ملزم رفیق کو نوکری سے برخاست کر دیا تھا۔

ترجمان پولیس کے مطابق عدالت نے آج ڈی این اے میچ نہ ہونے پر ملزم کانسٹیبل رفیق کو مقدمے سے بری کر دیا، جس پر متاثرہ خاتون نے اپیل میں جانے کی بجائے خود پر پیٹرول چھڑک کر خودکشی کی کوشش کی۔

پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ڈی پی او محمد عیسیٰ خان نے ایس پی انویسٹی گیشن کو انکوائری کے احکامات جاری کر دیے ہیں، اگر واقعے میں تفتیشی افسر کی ملی بھگت پائی گئی تو محکمانہ اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔