فیلڈ مارشل کا معاشی اصلاحات اور ترقی کی راہ ہموار کرنے میں کلیدی کردار ہے: وزیراعظم

Calender Icon منگل 9 دسمبر 2025

اسلام آباد(نیوز ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ اصلاحاتی ایجنڈے کے نفاذ اور پاکستان کی معاشی ترقی کی راہ ہموار کرنے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز کی معاونت کا کلیدی کردار ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی مالیاتی فنڈ کی جانب سے پاکستان میں معاشی اصلاحات و اقدامات کے مؤثر نفاذ پر اظہار اطمینان معاشی ٹیم بالخصوص وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور ان کی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم کی جانب سے حالیہ مالی اجراء اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان معاشی استحکام اور ترقی کیلئے ضروری اقدامات پر عملدرآمد کر رہا ہے، ڈیفالٹ کے دہانے سے ملک کو استحکام اور ترقی کی سمت میں گامزن کرنا ایک کٹھن مرحلہ تھا جس کیلئے سب نے مل کر قربانی دی۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ سیاسی جماعتوں نے سیاست کی قربانی دے کر اور قوم نے معاشی مشکلات برداشت کرکے نا ممکن کو ممکن کر دکھایا، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان کی معاشی اصلاحات اور ڈیجیٹائیزیشن کامیاب کیس اسٹڈی کے طور پر دنیا بھر میں مثال بن گئی ہے۔