آسٹریلیا میں 16سال سےکم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا اطلاق ہوگیا

Calender Icon بدھ 10 دسمبر 2025

آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر بچوں پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی کا اطلاق ہوگیا۔

اب آسٹریلیا میں 16 سال سے کم عمر کے بچے انسٹاگرام، ٹک ٹاک اور فیس بک جیسے سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال نہیں کرسکیں گے۔

خلاف ورزی کی صورت میں سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر 3 کروڑ 30 لاکھ امریکی ڈالرز کا جرمانہ ہوگا۔

خیال رہے کہ آسٹریلیا بچوں پر سوشل میڈیا پابندی لگانے والا دنیا کا پہلا ملک ہے۔

آسٹریلیا کی حکومت نے گزشتہ سال نومبر میں 16 سال سے کم عمر بچوں کو سوشل میڈیا کے استعمال سے روکنے کے لیے قانون سازی کرنے کا اعلان کیا تھا۔

ایک پریس کانفرنس کے دوران آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نےکہا تھا کہ سوشل میڈیا ہمارے بچوں کو نقصان پہنچا رہا ہے۔

اس موقع پر انہوں نے مختلف تحقیقی رپورٹس کا حوالہ دیا جن میں کہا گیا تھا کہ سوشل میڈیا پر بہت زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کی جسمانی اور ذہنی صحت کو مختلف خطرات کا سامنا ہوتا ہے۔

انتھونی البانیز کا کہنا تھا کہ یہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی ذمہ داری ہے کہ وہ ذمہ دارانہ اقدامات کے ذریعے رسائی کی روک تھام کریں، یہ والدین یا بچوں کی ذمہ داری نہیں۔