مائیکل وان کا سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے وقت ریسٹورنٹ میں بند ہونے کا انکشاف

Calender Icon پیر 15 دسمبر 2025

انگلینڈ کے سابق کپتان مائیکل وان نے آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے ساحل پر فائرنگ کے وقت ایک ریسٹورنٹ میں بند ہوجانے کا انکشاف کیا ہے۔

اس حوالے سے مائیکل وان کا کہنا ہے کہ ریسٹورنٹ میں بند ہونا بہت خوفناک تھا، ہم محفوظ گھر پہنچے، ایمرجنسی فورسز اور دہشت گردوں کے ساتھ لڑنے والے کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریسٹورنٹ کا باؤنسر ہاتھ میں گن پکڑے میرے پاس آیا اور مجھے اندر جانے کو کہا، ہم حملے سے چند سو قدموں کے فاصلے پر تھے، سائرنز کی اونچی آواز سنیں۔

مائیکل وان کا کہنا تھا کہ سائرن کی آواز اکثر شارک کے حملے یا 2 نوجوانوں کی لڑائی کی وجہ سے سننے میں آتی ہے، ہمیں جلد پتہ چل گیا کہ یہ فائرنگ کا واقعہ ہے، بہت خوفناک منظر تھا۔

انہوں نے کہا کہ ہم 6 لوگ تھے، میں میری اہلیہ، اس کی بہن، میری دو بیٹیاں اور ان کی سہیلی تھی، میں خود کو جتنا پُرسکون رکھ سکتا تھا اتنی میں نے کوشش کی۔

مائیکل وان فائرنگ کے وقت ساحل کے قریبی ریسٹورنٹ میں فیملی کے ساتھ موجود تھے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سڈنی میں بونڈی بیچ پر یہودیوں کی ایک تقریب میں فائرنگ سے ہلاکتوں کی تعداد 15 ہوگئی ہے جبکہ 2 پولیس اہلکاروں اور حملہ آور سمیت 40 زخمی اسپتال میں زیر علاج ہیں۔