ایشیز سیریز: اسٹیو اسمتھ میچ سے 20 منٹ پہلے ٹیم سے باہر کیوں ہوگئے؟

Calender Icon بدھ 17 دسمبر 2025

آسٹریلیا کو تیسرے ایشیز ٹیسٹ سے قبل بڑا دھچکا لگ گیا کیونکہ اسٹیو اسمتھ کو کان میں مسئلے کے باعث ٹیم سے باہر ہونا پڑا۔

کرکٹ آسٹریلیا کے مطابق اسٹیو اسمتھ کان کے اندرونی حصے میں تکلیف کے باعث فٹنس ٹیسٹ میں ناکام رہے اور ٹاس سے صرف 20 منٹ قبل میدان چھوڑ کر روانہ ہو گئے۔

کرکٹ آسٹریلیا کا کہنا ہے کہ اس صورتحال کے بعد آخری لمحات میں عثمان خواجہ کو اسکواڈ میں واپس بلا لیا گیا ہے۔


عثمان خواجہ چوتھے نمبر پر بیٹنگ کریں گے اور اسمتھ کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

ٹاس کے موقع پر کپتان پیٹ کمنز نے کہا کہ اسٹیو اسمتھ نے آج صبح کوشش کی لیکن وہ اس میچ کے لیے فٹ محسوس نہیں کر رہے تھے اس لیے وہ گھر واپس جا رہے ہیں، ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمارے پاس عثمان جیسا تجربہ کار کھلاڑی موجود ہے جو فوراً ٹیم میں شامل ہو سکتا ہے۔

واضح رہے کہ ایشیز سیریز کا ایڈیلیڈ ٹیسٹ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، عثمان خواجہ نے 82 رنز کی اننگز کھیلی 126 گیندوں کا سامنا کیا اور 10 چوکے مارے۔

آسٹریلیا کی 94 رنز پر چار وکٹیں گر چکی تھیں، عثمان خواجہ نے الیکس کیری کے ساتھ پانچویں وکٹ کے لیے 91 رنز بنائے۔

خیال رہے کہ عثمان خواجہ پہلے ٹیسٹ میں کمر کی تکلیف کا شکار ہوئے دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میں زیر غور نہیں لایا گیا تھا ۔

پانچ ٹیسٹ میچز کی سیریز میں میزبان آسٹریلیا کو دو صفر کی برتری حاصل ہے۔