فیکٹ چیک: قاسم خان اور سلیمان خان کے Sky News انٹرویو کی AI جنریٹڈ ویڈیو آن لائن گردش کر رہی ہے

Calender Icon جمعرات 18 دسمبر 2025

حال ہی میں پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان کے بیٹے سلیمان خان اور قاسم خان کے Sky News انٹرویو کے بعد ایک کلپ آن لائن گردش کرنے لگا، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ قاسم خان نے پاکستان میں سیاست میں شمولیت کا ارادہ ظاہر کیا ہے۔

یہ دعویٰ غلط ہے۔ قاسم خان نے انٹرویو کے دوران ایسا کوئی بیان نہیں دیا اور آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو AI ٹولز کے ذریعے تیار کی گئی ہے۔

دعویٰ
17 دسمبر کو ایک 23 سیکنڈ سے زائد کی ویڈیو کلپ آن لائن شیئر کی گئی، جس میں مبینہ طور پر سلیمان اور قاسم خان صحافی یلدا حکیم (Yalda Hakim) کے سوال کا جواب دیتے دکھائی دے رہے ہیں کہ وہ اپنے والد سے ملاقات کے بعد کیا کریں گے۔

ویڈیو کلپ میں دونوں میں سے کم عمر قاسم خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جا سکتا ہے: ”میں نے سنا ہے کہ وہ ہمارے والد کو قتل کر سکتے ہیں، اگر ایسا ہوا تو ہم دونوں نے فیصلہ کیا ہے کہ ہم پاکستان واپس جائیں گے اور ان کا بدلہ لینے کے لیے عملی سیاست شروع کریں گے۔“

یہ کلپ یہاں شیئر کیا گیا تھا:


اسی طرح کے دعوے یہاں اور یہاں بھی شیئر کیے گئے تھے۔

حقیقت
سلیمان خان یا قاسم خان نے اپنے Sky News انٹرویو کے دوران پاکستان میں سیاست میں شامل ہونے کے بارے میں کوئی بیان نہیں دیا۔ آزاد تصدیق اور متعدد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز اس بات کی تصدیق کرتے ہیں کہ آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو کلپ کو جھوٹا تاثر پیدا کرنے کے لیے تبدیل کیا گیا ہے۔

جیو فیکٹ چیک نے 16 دسمبر کو نشر ہونے والے عمران خان کے بیٹوں کے Sky News کے مکمل 15 منٹ کے انٹرویو کا جائزہ لیا۔

اصلی انٹرویو میں یلدا حکیم نے دونوں بھائیوں سے پوچھا کہ اگر وہ جنوری میں پاکستان کے اپنے طے شدہ دورے کے دوران اپنے والد سے ملاقات کریں تو وہ انہیں کیا کہیں گے اور کیا وہ انہیں رہا ہونے کے لیے حکام سے کسی معاہدے کی تجویز دیں گے۔

سوال کا جواب دیتے ہوئے قاسم خان نے دراصل کہا: ”آپ کو یہ سمجھنے کی ضرورت ہے کہ یہ ان کی زندگی ہے، یہ درحقیقت ان کا جنون اور ان کی منزل ہے، وہ پاکستان کی مدد کرنا اور اسے کرپشن سے پاک کرنا اپنی زندگی کا مقصد قرار دیتے ہیں اور اسی لیے، اگر وہ کوئی ڈیل کر کے ہمارے پاس آ جاتے اور انگلینڈ میں رہنے لگتے، تو میں جانتا ہوں کہ ان کے اندر ایک ایسی تڑپ اور دکھ ہوتا جو یہ ظاہر کرتا کہ انہوں نے اپنے ملک کو مرنے کے لیے (تنہا) چھوڑ دیا ہے اور سچ کہوں تو وہ ڈپریشن کا شکار ہو جاتے، میں جانتا ہوں کہ وہ ہو جاتے، یہ ان کی منزل ہے اور ہم بھی چاہیں گے کہ ہمارے والد یہاں ہمارے فٹ بال اور کرکٹ میچز دیکھیں، لیکن ان کا مقصد اس سے کہیں بڑا ہے۔“

وائرل کلپ کا تبدیل شدہ حصہ انٹرویو کے اس حصے سے تعلق رکھتا ہے جو 4:54 کے ٹائم اسٹیمپ سے شروع ہوتا ہے۔ مکمل انٹرویو یہاں دیکھا جا سکتا ہے:

جیو فیکٹ چیک نے وائرل کلپ کا تجزیہ کرنے کے لیے متعدد اے آئی ڈیٹیکشن ٹولز کا بھی استعمال کیا۔

اے آئی مواد کی شناخت کرنے والے پلیٹ فارم ہائیو ماڈریشن (Hive Moderation) نے ویڈیو کو 99 فیصد کا مجموعی اسکور دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ ممکنہ طور پر AI جنریٹڈ ہے۔

یونیورسٹی ایٹ بفیلو (University at Buffalo) کے تیار کردہ ٹول ڈیپ فیک او میٹر (DeepFake O Meter) نے ویڈیو کو جعلی ہونے کا 99.7 فیصد امکان دیا۔

ایک ڈیپ فیک آواز کی شناخت کرنے والا ٹول ہائیا (Hiya) نے آڈیو کی اصلیت کو 100 میں سے 1 کا درجہ دیا، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ آڈیو میں ترمیم یا مصنوعی عناصر موجود ہیں۔

اس کے علاوہ، آن لائن ویڈیوز میں قاسم خان کی آواز کو سست (slowed down)کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے اس میں روبوٹ نما کیفیت (Robotic quality) پیدا ہوئی ہے۔

فیصلہ: آن لائن گردش کرنے والی ویڈیو، جس میں دعویٰ کیا گیا کہ قاسم خان پاکستان میں سیاست میں شامل ہوں گے، اے آئی کے ذریعے تبدیل شدہ ہے۔ نہ قاسم خان اور نہ ہی سلیمان خان نے اپنے Sky News انٹرویو میں ایسا کوئی بیان دیا۔