پان مسالہ اشتہار کیس: عدالت کا سلمان خان کے دستخطوں کی فرانزک جانچ کا حکم

Calender Icon ہفتہ 27 دسمبر 2025

ممبئی/کوٹا (مانیٹرنگ ڈیسک) بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو پان مسالہ اشتہار کیس میں ایک بار پھر قانونی توجہ کا سامنا ہے، جہاں کوٹا ڈسٹرکٹ کنزیومر ڈسپیوٹس ریڈریسل کمیشن نے ان کے دستخطوں کی فرانزک جانچ کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے سلمان خان کو 20 جنوری کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے اور متعلقہ دستاویزات کے ساتھ ساتھ اس نوٹری کو بھی عدالت میں پیش کرنے کی ہدایت کی ہے جس نے ان کاغذات کی توثیق کی تھی۔

یہ حکم ایڈووکیٹ اور بی جے پی رہنما اندرموہن سنگھ ہنی کی درخواست پر دیا گیا، جنہوں نے عدالت میں جمع کرائے گئے پاور آف اٹارنی اور جواب پر موجود سلمان خان کے دستخطوں کی صداقت پر سوال اٹھایا۔ ان کا مؤقف تھا کہ یہ دستخط ماضی میں ریکارڈ پر موجود دستخطوں سے مطابقت نہیں رکھتے، جس پر انہوں نے فرانزک تصدیق کی استدعا کی۔

درخواست منظور کرتے ہوئے کنزیومر کورٹ نے حکم دیا کہ دستخطوں کا معائنہ کسی تسلیم شدہ فرانزک ایجنسی یا فرانزک سائنس لیبارٹری سے کرایا جائے۔ عدالت نے یہ ہدایات کنزیومر پروٹیکشن ایکٹ 2019 اور انڈین ایویڈنس ایکٹ کے تحت جاری کیں۔

عدالت نے مزید حکم دیا کہ سلمان خان آئندہ سماعت پر ایڈووکیٹ آر سی چوبے کے ہمراہ پیش ہوں، جنہوں نے پہلے جمع کرائی گئی دستاویزات کی نوٹری تصدیق کی تھی۔

درخواست گزار کے مطابق، ریکارڈ پر موجود دستخط سلمان خان کے ماضی میں عدالتوں میں کیے گئے دستخطوں سے مختلف ہیں، جن میں جودھپور کیس سے متعلق دستخط بھی شامل ہیں۔ اسی بنیاد پر انہوں نے اداکار کی ذاتی پیشی کی درخواست کی تھی، جسے عدالت نے منظور کر لیا۔

یہ درخواست سلمان خان اور راج شری پان مسالہ کمپنی کے خلاف دائر کی گئی تھی، جس میں الزام لگایا گیا کہ اشتہار میں گمراہ کن دعوے کیے گئے۔

شکایت کنندہ کا مؤقف تھا کہ پروڈکٹ کو زعفران پر مشتمل ظاہر کیا گیا، جو ان کے بقول کم قیمت مصنوعات کے لیے غیر حقیقی دعویٰ ہے۔

سلمان خان نے اپنے پہلے جمع کرائے گئے جواب میں الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ شکایت بے بنیاد ہے۔

اداکار کی قانونی ٹیم کا کہنا تھا کہ اشتہار پان مسالہ کا نہیں بلکہ چاندی سے ملمع دار الائچی (سلور کوٹڈ الائچی) کا تھا۔

ٹائیگر زندہ ہے کے اداکار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ اشتہارات سے متعلق کسی بھی کارروائی کا اختیار سینٹرل کنزیومر پروٹیکشن اتھارٹی کو حاصل ہے۔

9 دسمبر کو ایک بار پھر سلمان خان نے الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ جمع کرائے گئے دستخط اصلی ہیں اور ان کے سرکاری دستاویزات جیسے پان کارڈ اور پاسپورٹ سے مطابقت رکھتے ہیں۔

کیس کی مزید سماعت 20 جنوری کو ہوگی۔